میوات: ویکسین کے بغیر کورونا سے نجات ممکن نہیں: علما

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-12-2021
میوات: ویکسین کے بغیر کورونا سے نجات ممکن نہیں: علما
میوات: ویکسین کے بغیر کورونا سے نجات ممکن نہیں: علما

 

 

 یونس علوی/ نوح (ہریانہ)

ہریانہ کا مسلم اکثریتی ضلع'نوح' بھی ملک کے ان 50 اضلاع میں شامل ہے جہاں سب سے کم ویکسینیشن ہوئی ہے۔ ایسا کہا جا رہا ہے کہ کووِڈ 19 کی ویکسین کے بارے میں غلط فہمیوں کی وجہ سے یہاں کے لوگ ٹیکہ لگانے سے گریز کر رہے ہیں۔ اب میوات کے مدارس اور علمائے کرام نے ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسینیشن لگوائیں۔

 علمائے کرام کے اچانک فعال ہونے کی وجہ سے ویکسینیشن کا فیصد بڑھ رہا ہے۔ تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ 68 دیہاتوں میں100 فیصد ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ یہاں تک کہ ضلع میں ویکسینیشن کا تناسب 37 فصید سے بڑھ کر اب 58 ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ ضلع نوح 50 غریب ترین اضلاع میں شامل ہے،اس ضلع میں دونوں ویکسین لینے والوں کا تناسب صرف 8 فیصد تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے 50 اضلاع میں کم ٹیکے لگائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ بھی کی تھی اور اس کا فیصد بڑھانے کے لیے مذہبی رہنماوں کی مدد لینے کا بھی مشورہ دیا تھا۔

پی ایم کی طرف سے تشویش ظاہر کرنے اور راستہ تجویز کرنے کے بعد، ہریانہ حکومت اور نوح ضلع انتظامیہ نئے سرے سے سرگرم ہو گئی ہے۔ ویکسینیشن کا فیصد بڑھانے کی ذمہ داری ان لوگوں کو سونپی گئی جن پر اکثر ویکسین کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلانے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے۔

نوح ضلع کے پنہانہ سب ڈویژن کی مساجد کے اماموں اور علماء نے 100فیصد ویکسینیشن کرانے کی پہل کی ہے۔ ضلع کے علمائے کرام کی جانب سے عوام کو متحد کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائیں۔ مساجد سے اعلانات ہو رہے ہیں۔اس اعلان میں کہا جا رہا ہے کہ دونوں ویکسین لگائے بغیر اس وبا سے چھٹکارا ممکن نہیں۔

انتظامی افسران، علمائے کرام اور مدارس کے لوگ ویکسین کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے اجتماعی طور پر گھوم رہے ہیں۔ جگہ جگہ تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ہتھنگن گاؤں کی مکہ مسجد میں مولانا یحییٰ کریمی صدر جمعیۃ علماء ہند ہریانہ، پنجاب اور ہماچل پردیش کی قیادت میں ائمہ اور دیگر علماء کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اس دوران مولانا یحییٰ کریمی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کورونا جیسی مہلک بیماری سے بچنے کے لیے دونوں ویکسین لینے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بتائیں کہ اس بیماری کی وجہ سے نہ صرف دنیا بلکہ کعبہ شریف اور مدینہ کی مسجدیں بھی ویران ہو چکی ہیں۔ کورونا کی وجہ سے حج پر پابندی لگانی پڑی۔

awaz

حج کے لیے حالات اب بھی موزوں نہیں

سعودی عرب اب وہی جاسکتا ہے جس نے دونوں ویکسین لی ہوں۔ ایسے میں میوات کے لوگوں کو ٹیکہ لگوانے سے بچنے کے بجائے ویکسینیشن میں پوری دلچسپی دکھانی چاہیے۔ انہوں نے طاعون، چیچک اور پولیو جیسی دیگر بیماریوں کی مثالیں دے کر لوگوں کو قائل کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران مولانا یحییٰ کریمی کے علاوہ کپل شرما سینئر میڈیکل آفیسر ، کنور لال نائب تحصیلدار ، دگمبر سنگھ بلاک ڈیولپمنٹ اور پنچایت آفیسر بھی موجود تھے۔

مولانا محمد الیاس، استاد محمد حسن، عبداللطیف، مولانا ذاکر حسین، مولانا وسیم، طلباء محمد عاصم، اسلام الدین اور محمد یوسف جو کہ جھمراوت گاؤں کے اسلامی مدرسہ کے ڈائریکٹر ہیں، ضلع نوح کے دونوں ٹیکےلگانےکے معاملے میں پیچھے رہ جانے کے بعد ملک کو آگاہ کرنے میدان میں آئے ہیں۔ 

 ewwww

نوح ضلع کے ڈپٹی کمشنر شکتی سنگھ نے ان کے جذبے کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے ڈی سی ویکسینیشن کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر سامنے آنے پر جھمراوت اسلامی مدرسہ کی تعریف کی ہے۔ علمائے کرام کے مثبت اقدام کے پیش نظر ضلع نوح میں آئندہ 15 دنوں میں 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ڈی سی نے قبول کیا کہ علمائے کرام اور مدارس کی دلچسپی کی وجہ سے ضلع میں روزانہ 15 سے 17 ہزار ویکسین لگائی جارہی ہیں۔ ڈی سی کے مطابق، ضلع کے تقریباً 60 دیہاتوں میں 100 فیصد ویکسینیشن ہو چکی ہے۔