روسی تیل کی خریداری پر امریکی ٹیرف کاخطرہ منڈلانے لگا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 01-04-2025
روسی تیل کی خریداری پر امریکی ٹیرف کاخطرہ  منڈلانے لگا
روسی تیل کی خریداری پر امریکی ٹیرف کاخطرہ منڈلانے لگا

 



واشنگٹن:بھارت کو روسی تیل کی خریداری پر 25 سے 50 فیصد اضافی امریکی ٹیرف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز عندیہ دیا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ امن مذاکرات کی پیش رفت سے ناخوش ہیں۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر انہیں محسوس ہوا کہ ماسکو یوکرین جنگ ختم کرنے کی ان کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، تو وہ روسی تیل خریدنے والے ممالک پر ثانوی پابندیاں بھی عائد کر سکتے ہیں۔

بھارت کو ممکنہ طور پر 2 اپریل سے نافذ ہونے والے امریکی جوابی ٹیرف پر بھی کسی قسم کی چھوٹ نہیں ملے گی، کیونکہ ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "تمام ممالک" کو نئے ٹیرف کا سامنا کرنا ہوگا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت اور امریکہ نے ہفتہ کے روز ایک چار روزہ مذاکرات مکمل کیے، جن کا مقصد ایک تجارتی معاہدے کے خدوخال طے کرنا تھا۔

بھارت کے لیے روس اپریل تا دسمبر 2024 کے دوران سب سے بڑا تیل برآمد کرنے والا ملک رہا، جیسا کہ وزارتِ تجارت و صنعت کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے۔

بھارتی ریفائننگ سیکٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ امریکہ اس سلسلے میں کیا اقدامات کرے گا اور کیا ٹرمپ کی طرف سے مزید ٹیرف عائد کرنے کی صورت میں بھارت کو کوئی استثنیٰ حاصل ہوگا یا نہیں؟ ایک انڈسٹری ذرائع نے کہا، "یہ کہنا مشکل ہے کہ صورتحال کس طرف جائے گی۔ ہمیں یہ واضح ہونے کا انتظار ہے کہ ٹرمپ کے روسی تیل خریداروں پر ممکنہ ٹیرف سے متعلق بیان کا اصل مطلب کیا ہے۔ کیا یہ صرف ٹیرف تک محدود ہوگا، یا پھر اس میں خریداروں پر ممکنہ ثانوی پابندیاں بھی شامل ہوں گی؟ یہ ایک اہم سوال ہے۔"

مارکیٹ تجزیہ فرم کیپلر  کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، بھارت کی روسی تیل کی درآمدات مارچ کے ابتدائی 21 دنوں میں اوسطاً 1.85 ملین بیرل یومیہ رہی ہیں، جو فروری کے 1.47 ملین بیرل یومیہ اور جنوری کے 1.64 ملین بیرل یومیہ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔