فوج کا کشمیرو لداخ کے طلبا کو اسکالر شپ دینے کا منصوبہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-09-2022
فوج  کا کشمیرو لداخ کے طلبا کو اسکالر شپ دینے کا منصوبہ
فوج کا کشمیرو لداخ کے طلبا کو اسکالر شپ دینے کا منصوبہ

 

 

آواز دی وائس،سری نگر

ہندوستانی فوج کی جانب سے جموں و کشمیر اور لداخ کے طلبا کو اسکالرشپ دینےکا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے کے مطابق فوج کی جانب سے جموں و کشمیر، لداخ کے 600 طلباء کو خطے سے باہر تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسپانسر کیا جائے گا۔

فوج کی جانب سے جموں و کشمیراورلداخ میں کئی اسکول اور تربیتی ادارے چل رہے ہیں۔ فوج نےاب اپنی رسائی میں تیزی لائی ہے،اس سال 600 طلباء کودو مرکز کےزیرانتظام علاقوں سے باہرکی یونیورسٹیوں کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسپانسر کیا جائے گا۔

فوج کی ناردرن کمانڈ 2021 میں شروع کی گئی اپنی’جموں، کشمیر اورلداخ اسپیشل اسکالرشپ اسکیم‘ کے ذریعے ان طلباء کی تعلیم کواسپانسر کرے گی۔ اسکالرشپ صرف ان لوگوں کو دیے جائیں گے جنہیں مالی امداد کی ضرورت ہے۔ مزید برآں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا کو 30,000 روپے بطورسیکیورٹی ڈپازٹ اور داخلہ فیس کی یک وقتی ادائیگی کرنی ہوگی۔

تاہم باقی ٹیوشن فیس، رہائش اور کیٹرنگ فیس اسکالرشپ کی طرف سے ہی ملے گا۔ دفاعی اور سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے ذرائع نےبتایا کہ گزشتہ سال، راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی میں 311 طلباء کواپنی ڈگریاں حاصل کرنے کے لیےاسکالرشپ دیا گیا تھا۔

اگرچہ منصوبہ مزید اداروں کوشامل کرنے کا تھا، تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔ چونکہ گزشتہ سال ہزاروں طلبہ نےاسکالرشپ کے لیے درخواستیں دی تھیں اورصرف چند سو کو ہی فنڈنگ ​​دی جا سکی تھی،اس لیے ناردرن کمانڈ نے اس سال اسکالرشپ کو600 سےزائد طلبہ تک بڑھانےکافیصلہ کیا ہے۔

متعدد سرپنچوں ضلع ترقیاتی کونسل کے اراکین، اور سول سوسائٹی کے اسٹیک ہولڈرز کے ذریعہ اس سال اسکالرشپ دیے جانے والے طلباء کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی گئی۔ اس کے بعد فوج نےاسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد میں اضافہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اس سال 7500 سے زائد طلباء نے اسکیم کے لیے درخواستیں دیں۔ اسکالرشپ کےلیے رجسٹریشن اوراس کے بعد کے ٹیسٹ آن لائن منعقد کیے گئے۔

یکم اگست سے 3 اگست2022 کے درمیان  اہل امیدواروں کے انتخاب کے لیے ٹیسٹ منعقد کیے گئے۔ دفاعی اور سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سال اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے والے 7,500 طلبا میں سے 6,000 سے زیادہ کشمیر، 1,400 جموں اور 100 کے قریب لداخ سے ہیں۔

آپریشن سدبھاونا

سنہ1998 میں جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے عروج کے دوران فوج نے 'آپریشن سدبھاونا' شروع کیا تھا۔ ناردرن کمانڈ کی اسکالرشپ اسکیم اس آپریشن کا ایک حصہ ہے۔ آپریشن سدبھاونا کا مقصد سابقہ ​​ریاست کے ہنگامہ خیز اضلاع میں رہنے والوں کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کمیونٹی کی مدد کے ساتھ تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور صفائی کی خدمات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

فوج کے اندازے کے مطابق اس پروگرام پر 550 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے ہیں۔ پچھلےسال کے گروپ میں طلباء کو مختلف کورسز جن میں مینجمنٹ، فارمیسی، انجینئرنگ، لاء اور اسپورٹس سائنسز سمیت دیگر کورسزپڑھنےکے لیے وظائف دیے گئے تھے۔

آپریشن سدبھاونا کے ذریعے تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، اس سال شروع کی گئی اسکالرشپ کے علاوہ، ناردرن کمانڈ تقریباً 47 آرمی گڈول اسکول بھی چلا رہی ہے، جن میں سے 27 کشمیر کے علاقے میں ہیں۔ اس سال کے شروع میں سری نگر میں قائم چنار کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے  بتایا جموں اور کشمیر میں کئی تعلیمی اقدامات چلانے کے علاوہ، ہم طلباء کو ملک کے دیگر حصوں میں باہر جانے اور تعلیم حاصل کرنے میں بھی مدد کر رہے ہیں۔