چاند پر قدم رکھنے کا پہلا اماراتی مشن روانگی کے لیے تیار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 01-12-2022
چاند پر قدم رکھنے کا پہلا اماراتی مشن روانگی کے لیے تیار
چاند پر قدم رکھنے کا پہلا اماراتی مشن روانگی کے لیے تیار

 

 

 دبئی : متحدہ عرب امارات نے چاند پر چار پہیوں والی گاڑی ’روور‘ بھیجنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جو دراصل عرب دنیا کا چاند پر قدم رکھنے کا پہلا مشن ہے۔ عرب نیوز کے مطابق ’راشد روور‘ نامی یہ مشن بدھ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں سپیس فورس سٹیشن سے روانہ ہوگا۔ ایک بیان میں جاپانی کمپنی آئی سپیس نے اعلان کیا کہ چاند پر لینڈ کرنے والے ہکوٹو آر مشن کو سپیس ایکس فیلکن نائن راکٹ کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔

جاپانی کمپنی آئی سپیس کے بانی تکیشی حکاماڈا نے کہا ’ہمیں مشن ون کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کی خوشی ہے۔‘ ’ہم نے دنیا بھر سے ثابت کردہ ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے ایسا ڈیزائن اور ماڈل استعمال کیا جو قابل اعتماد ہو اور جس پر کم لاگت بھی آئے۔‘ محمد بن راشد سپیس سینٹر نے دنیا بھر سے لوگوں کو دعوت دی ہے کہ وہ امارات کے مقامی وقت 12 بج کر 39 منٹ پر مشن کی روانگی کی لائیو ٹرانسمشن میں شریک ہوں۔ سپیس سینٹر نے کہا ہے کہ چار پہیوں والی گاڑی روور پانچ ماہ کے سفر کے بعد اپریل 2023 میں چاند کے انتہائی جنوب شمال میں میری فریگورس پر اٹلس کریٹر پر لینڈ کرے گی۔

سپیس سینٹر نے جاری بیان میں کہا ’لینڈنگ کے اس مقام کا انتخاب اماراتی لونر مشن ٹیم نے تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جن میں سورج کی مسلسل روشنی کا دورانیہ اور زمین کے ساتھ رابطہ شامل ہے۔ مشن کامیاب ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات چاند کی سطح پر قدم رکھنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔ دس کلو گرام کے وزن والی راشد روور چاند کی مٹی کی خصوصیات، سطح پر نقل و حرکت، وہاں موجود چٹانوں اور دیگر عوامل کا ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔ دو ہائی ریزولوشن والے کمیروں کا استعمال کرتے ہوئے یہ روور تمام ڈیٹا اور تصاویر زمین پر واپس بھیجے گی۔ فروری 2021 میں عرب امارات نے مریخ پر عرب دنیا کا پہلا مشن بھجوا کر تاریخ رقم کی تھی۔