شام:چرچ میں اجتماع پرراکٹ حملے میں دو افراد ہلاک،

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-07-2022
شام:چرچ میں اجتماع پرراکٹ حملے میں دو افراد ہلاک، 12 زخمی
شام:چرچ میں اجتماع پرراکٹ حملے میں دو افراد ہلاک، 12 زخمی

 

 

دمشق: شام کے وسطی صوبہ حماہ میں ایک چرچ پر راکٹ باری سے دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔ شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی اطلاع کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کے داغے گئے راکٹ نے حماہ کے قریب الثقیلابیہ میں ایک مذہبی اجتماع کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔

سانا نے بتایا کہ یہ حملہ آیا صوفیہ چرچ کے افتتاح کی تقریب کے دوران میں کیاگیا ہے۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اس راکٹ حملے کی تصدیق کی ہے۔

رصدگاہ نے ایک شہری کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے اور کہا کہ باغی گروپوں میں سے کسی نے گولہ باری کی ہے یا ڈرون حملہ کیا ہے۔ اتوار کو یہ حملہ باغیوں کے زیرقبضہ شمال مغربی صوبہ ادلب میں بمباری کے نتیجے میں چار بچوں سمیت سات افراد کی ہلاکت کے دو دن بعد کیا گیا ہے۔

رصدگاہ کی اطلاع کے مطابق شمالی شام میں واقع جسرالشقر کے دیہی علاقے میں جمعہ کو روسی فضائی حملے کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ صوبہ ادلب کے نصف حصے کے علاوہ حلب، حما اور اللذاقیہ صوبوں کے کچھ حصوں پر ماضی میں القاعدہ سے وابستہ جنگجو گروپ ہیئت تحریرالشام کا کنٹرول ہے۔