ایران:زلزلے کے شدید جھٹکے، اب تک 5 کی موت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2022
ایران:زلزلے کے شدید جھٹکے
ایران:زلزلے کے شدید جھٹکے

 

 

تہران:ایران کے جنوبی صوبہ ہرمزگان میں سنیچر کی علی الصبح زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس میں کم از کم 5 افراد کی موت اور 44 دیگر زخمی ہو گئے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز خلیج کے نزدیک بندرگاہی ہر بندر خمیر کے قریب تھا۔ زلزلے سے علاقے میں کئی مکانات تباہ ہوئے یا انہیں جزوی طور پر نقصان پہنچا۔سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز دارالحکومت سے تقریباً 1000 کلومیٹر جنوب میں واقع گاؤں سید خوش میں تھا۔

گاؤں کے قریب ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ صوبہ ہرمزگان کے اس گاؤں میں تقریباً 300 لوگ رہتے ہیں۔ زلزلے کے بعد کے جھٹکے بھی صبح سویرے علاقے میں محسوس کیے گئے جس سے کئی عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

چینل نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے کئی پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔ حالیہ ہفتوں میں اس علاقے میں زلزلے کے کئی ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل نومبر میں 6.4 اور 6.3 کی شدت کے زلزلوں سے ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔

ایران میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ 2003 میں تاریخی شہر بام میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 26,000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد 2017 میں مغربی ایران میں 7 شدت کا زلزلہ آیا، جس میں 600 سے زائد افراد ہلاک اور 9000 سے زائد زخمی ہوئے۔ (ایجنسی ان پٹ کے ساتھ)