شمالی کوریا :ایک اور وبا کا سامنا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-06-2022
شمالی کوریا :ایک اور وبا کا سامنا
شمالی کوریا :ایک اور وبا کا سامنا

 

 

بیجو : کورونا کی وبا سے نبردآزما شمالی کوریا نے آنتوں کی وبا کے پھیلنے کی اطلاع دی ہے جس کی تشخیص نہیں ہو سکی۔  شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے سی این اے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے بدھ کے روز مغربی بندرگاہی شہر ہیجو میں آنتوں کی شدید وبا میں مبتلا مریضوں کی جلد از جلد مدد کرنے کے لیے دوائیں بھیجیں۔

متاثرہ افراد کی تعداد اور اس بیماری کے حوالے سے تفصیلات نہیں دی گئیں۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے سی این اے نے کہا کہ ’کم جونگ اُن نے مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھ کر، وبائی امراض کے معائنے اور ٹیسٹوں کے ذریعے کیسز کی تصدیق کر کے اس وبا کے پھیلاؤ کو جلد از جلد روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شمالی کوریا میں جمعرات کو مزید 26,010 افراد میں بخار کی علامات رپورٹ ہوئیں، اپریل کے آخر سے ملک بھر میں بخار میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد 4.56 ملین کے قریب ریکارڈ کی گئی۔ اس وباء سے مرنے والوں کی تعداد 73 ہے۔ شمالی کوریا کا شہر پیانگ یانگ روزانہ بخار کے مریضوں کی تعداد کا اعلان کرتا رہا ہے جن میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہو سکی جس کی بظاہر وجہ ٹیسٹنگ کٹس کے عدم دستیابی ہے۔ شمالی کوریا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی لہر میں کمی کے آثار ہیں لیکن عالمی ادارہ صحت نے رواں ماہ کے شروع میں پیانگ یانگ کے دعووں پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا خیال ہے کہ صورتحال بدتر ہوتی جارہی ہے۔