ورجینیا میں رمضان کی رونقیں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 05-04-2024
ورجینیا میں رمضان کی رونقیں
ورجینیا میں رمضان کی رونقیں

 

شفق زہرا

رمضان اسلامی قمری تقویم کا نواں مہینہ ہے، جس میں  مسلمان صبح صادق سے لے کر غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں۔ روزے میں روحانی ترقی، ذاتی  نظم وضبط اور اللہ کی عبادت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کھانے، پینے، تمباکو نوشی اور بعض طرز عمل سے پرہیز کرنا شامل ہے۔ روزے کا دورانیہ صبح صادق سے پہلے کے کھانے سے شروع ہوتا ہے اور افطار کے ساتھ ختم ہوتا ہے، یعنی غروب آفتاب کے بعد روزہ کشائی کی جاتی ہے۔

یونیورسٹی آف ورجینیا (یو وی اے) رمضان میں مسلم ملازمین کو کام کے لچکدار اوقات فراہم کر کے ان کا خیال رکھتی ہے۔ نماز اور آرام کےوقفوں کی اجازت دینے کے لیے نظام الاوقات میں ترمیم بھی کی جاتی ہے۔ اس سے مذہبی تنوع کے تئیں احترام کا اظہار ہوتا ہے اور کام کی جگہوں میں شمولیت کو فروغ ملتا ہے۔

یہاں ورجینیا میں رمضان کی ثقافت مذہبی عقیدت، ثقافتی روایات، کمیونٹی کی روح اور وسیع تر معاشرے کے ساتھ مصروفیت کے امتزاج کی عکاسی کرتی ہے، جو بھرپور امریکی تنوع اور تکثیریت میں اپنا تعاون پیش کرتی ہے۔ رمضان کے مہینے میں مرکزی  ورجینیا کی اسلامک سوسائٹی اکثر قرآنی مطالعاتی مجلسوں (تفسیر) اور اسلامی تعلیمات اور روحانیت پر خطبات  کا انعقاد کرتی ہے تاکہ عقیدے کے ساتھ تفہیم اور تعلق کو گہرا کیا جا سکے۔

اسلامک سوسائٹی پورے رمضان میں باجماعت نمازوں کا اہتمام کرتی ہے۔ اس طور پر ہر رات خصوصی تراویح کی نماز  کی ادائیگی ممکن ہوتی ہے ۔ تراویح کی نماز طویل ہوتی ہے، نمازِ عشاء کے بعد ادا کی جانے والی یہ رضاکارانہ نمازیں بالعموم آٹھ، بیس یا اس سے زیادہ رکعات پر مشتمل ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ سوسائٹی ہر جمعرات اور اتوار کو کمیونٹی افطار و عشائیہ کا اہتمام کرتی ہے۔

رمضان بین مذاہب مکالمے اور افہام و تفہیم کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ اسی کے مد نظر اسلامک  سوسائٹی ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے اور مختلف مذہبی طبقات  کے درمیان روابط استوار کرنے کے لیے غیر مسلموں کو افطار و عشائیہ پر مدعو کرتی ہے۔

 شفق زہرا

 


کمیونٹی کے اراکین ان عشائیہ کے لیے مصری، عربی، ہندوستانی یا بنگلہ دیشی پکوانوں  سے ضیافت کا نظم کرتے ہیں ۔ ساتھ میں کھانے پینے سے شرکاء میں اتحاد و اتفاق ، تنوع اور سخاوت کا احساس پروان چڑھتا ہے۔ امریکی مسلمان اکثر اپنی ثقافتی روایات کو رمضان کے ساتھ مربوط کرتے ہیں۔ کنبے افطار کے لیے خصوصی پکوان تیار کرتے ہیں، جس میں امریکی پسندیدہ  پکوانوں کے  ساتھ ان کے نسلی پس منظر کے روایتی پکوان  بھی شامل ہوتے ہیں۔ امریکہ میں  ثقافتوں  کے اس امتزاج نے میرے رمضان کے تجربے میں بھر پور اضافہ کیا۔

سخاوت اور ہمدردی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسلامک سوسائٹی مقامی اور بین الاقوامی خیراتی اداروں یا ضرورت مندوں کے لیے باقاعدگی سے چندہ مہمات، خوراک کی تقسیم کے پروگرام  کا اہتمام کرتی ہے یا  فنڈ جمع کرتی ہے۔ یہ مختلف خیراتی کاموں بشمول بے گھر افراد کو کھانا کھلانے، پناہ گزینوں کی مدد کرنے اور ان کے مقامی طبقات  میں ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں شریک ہوتی  ہے۔

رمضان کا اختتام عید الفطر پر ہوتا ہے۔ اس تہوار کی تعطیل روزوں کے اختتام کی نشاندہی کرتی ہے۔ میں سینٹرل ورجینیا کی اسلامک سوسائٹی میں عید کی تقریب کی منتظر ہوں، جس میں عید کی خصوصی نمازیں اور تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ ان میں اجتماعی دعاؤں، خطبات، دعوتوں  اور تحائف کا تبادلہ ہوتا ہے۔

  شفق زہرا ورجینیا یونیورسیٹی میں بطورریسرچ ایسوسی ایٹ تعینات ہیں۔وہ اس سے پہلے جواہرلعل نہرو یونیورسٹی سے ماسٹرس اور جے این یو سے ملحق ایک ادارے  نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹ جینوم ریسرچ(این آئی پی جی آر)سے ڈاکٹریٹ کر چکی ہیں۔ 


بشکریہ اسپَین میگزین