جواب آگیا: کوہلی کا حوصلہ افزائی پر بابر اعظم کا شکریہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2022
 جواب آگیا: کوہلی کا حوصلہ افزائی پر بابر اعظم کا شکریہ
جواب آگیا: کوہلی کا حوصلہ افزائی پر بابر اعظم کا شکریہ

 

 

نیو دہلی : کرکٹر ویراٹ کوہلی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے حوصلہ افزائی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بابر اعظم نے چند دن قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اور وراٹ کوہلی کی تصویر شیئر کی اور  کوہلی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

سنیچر کو بابر اعظم کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کوہلی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’چمکتے رہیں اور آگے بڑھتے رہیں، آپ کے لیے نیک تمنائیں۔‘ خیال رہے کہ کچھ عرصے سے  کوہلی آؤٹ آف فارم ہیں اور ان کی انڈین ٹیم میں جگہ کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

 کوہلی کے حوالے سے ٹویٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی خوب سراہا گیا۔ عام طور پر بابراعظم کا موازنہ  کوہلی سے کیا جاتا ہے اور ہر میچ کے بعد دونوں کی سینچریوں اور مجموعی سکور کا تقابل کیا جاتا ہے۔

بابر اعظم اس وقت ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ  کوہلی ون ڈے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں اور ٹی20 میں ٹاپ ٹین میں موجود نہیں ہیں۔  کوہلی اور بابر اعظم کے پیغامات کے تبادلے سے انڈیا اور پاکستان میں کرکٹ شائقین کی خوشی قابل دید ہے