ہندوستان۔پاکستان کرکٹ میچ پرگنگولی سے گفتگوہوئی:رمیز راجہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-06-2022
ہندوستان۔پاکستان کرکٹ میچ پرگنگولی سے گفتگوہوئی:رمیز راجہ
ہندوستان۔پاکستان کرکٹ میچ پرگنگولی سے گفتگوہوئی:رمیز راجہ

 

 

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ کے حوالے سے انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر سورو گنگولی سے بات ہوئی ہے۔

لاہور میں جمعے کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ’میری سورو کنگولی سے بات ہوئی ہے اور میں ان کو یہی بتاتا ہوں کہ تین کرکٹرز ہیں جو اس وقت بورڈز کا حصہ ہیں تو میں نے کہا اگر ہم کوئی فرق نہیں لاسکے تو فائدہ کیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا سیریز کے درمیان انڈین کرکٹ بورڈ کو درپیش ’مصلحتیں‘ حائل ہیں۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ گنگولی کی جانب سے دو مرتبہ انہیں آئی پی ایل میں مدعو کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت دراڑیں ہیں جن کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ یہ سیاسی مسئلہ ہے، کرکٹ کا مسئلہ ہوتا تو اب تک حل ہوچکا ہوتا۔‘

اپنی نیوز کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی نے رواں برس اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق آسٹریلوی بیٹر میتھیو ہیڈن کو دوبارہ پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میتھیو ہیڈن کو ہم دوبارہ انگیج کریں گے ورلڈ کپ کے لیے کیونکہ لوکل معلومات کا فائدہ ہوتا ہے۔‘

واضح رہے پچھلے سال پی سی بی نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھی میتھیو ہیڈن کو پاکستان ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا تھا۔ تاہم ورلڈکپ کے بعد میتھیو ہیڈن کا معاہدہ بڑھایا نہیں گیا تھا اور وہ نومبر 2021 میں آسٹریلیا واپس چلے گئے تھے۔ (ایجنسی)