جن گن من : پاکستانی موسیقار کی دھن، ہندوستان کو یوم آزادی کا تحفہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-08-2022
جن گن من : پاکستانی موسیقار کی دھن، ہندوستان کو یوم آزادی کا تحفہ
جن گن من : پاکستانی موسیقار کی دھن، ہندوستان کو یوم آزادی کا تحفہ

 


نئی دہلی :ہندوستان نے 76 واں یوم آزادی منایا۔ آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر جشن کچھ خاص تھا ۔ پورا ہندوستان  جشن میں ڈوبا رہا ۔حکومت سے عوام تک سب  اپنے اپنے طور پر ترنگے کے ساتھ مصروف رہے ۔ ملک بھر میں تہوار کا سماں تھا۔ حکومت نے اسے عظیم الشان اور یادگار بنانے کے لیے کئی پروگرام منعقد کیے تھے۔ مگرسرحد پار کچھ ایسا ہوا جس نے ہندوستانیوں کے دل جیت لیے۔ سرحد پار یعنی پاکستان سے سنائی دی جن گن من کی دھن تو سب چونک گئے۔ یہ دھن بجا رہا تھا  ایک پاکستانی موسیقار نے ہندوستان کا قومی ترانہ بجا کر دن کو مزید خاص بنا دیا۔

اس موسیقار کا نام سیال خان ہے اور اس نے رباب پر قومی ترانہ "جن گنا من" بجایا۔ انہوں نے اپنی ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا، ’’سرحد کے اس پار سامعین کے لیے ایک تحفہ‘‘۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے ہندوستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح انہوں نے اسے دونوں ممالک کے درمیان دوستی، امن اور خیر سگالی کی علامت کے طور پر آزمایا۔

ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگ اس پر اپنی رائے بھی دے رہے ہیں اور مختلف سوالات بھی کر رہے ہیں۔

لائبہ فردوس نامی صارف نے سوال کیا کہ اگر کوئی ہندوستانی گلوکار پاکستانی قومی ترانہ گاتا ہے تو کیا ہوگا؟ اس پر سرجیت داش نامی صارف نے لکھا کہ کیا آپ کے خیال میں پاکستان اس خیر سگالی کا مستحق ہے؟ ساتھ ہی یہ نہ بھولیں کہ پاکستانی موسیقی کے بڑے بڑے مداح ہندوستان میں ہیں۔

اس کے ساتھ ہی کئی صارفین نے سیال خان کی اس ویڈیو کو سراہا ہے۔ دیباشری نامی صارف نے کہا کہ آپ کا یہ تحفہ بہت قیمتی ہے۔ آپ نے اپنی محنت سے ثابت کیا کہ موسیقی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ مانو کوہلی نامی ایک اور صارف نے کہا کہ آپ کی یہ کوشش ایک دن دونوں ممالک کے درمیان امن قائم کرنے میں کامیاب ثابت ہوگی

انیل دھیمان نامی ایک اور صارف نے کہا کہ سچے پڑوسی کے حقیقی جذبات۔ امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی اور سیاسی کشیدگی ختم ہو جائے گی۔