موتیوں کے شہر حیدرآباد کے تاج میں 'دعوت رمضان 'ایک اور نگینہ

Story by  شیخ محمد یونس | Posted by  [email protected] | Date 31-03-2024
 موتیوں کے شہر حیدرآباد کے تاج میں 'دعوت رمضان 'ایک اور نگینہ
موتیوں کے شہر حیدرآباد کے تاج میں 'دعوت رمضان 'ایک اور نگینہ

 

شیخ محمد یونس /حیدراباد

حیدرآباد میں جیسے جیسے عید الفطر قریب آتی جاتی ہے۔ یہ محبتوں کا شہر دلچسپ، قابل دید اور آنکھوں کو خیرہ کرنے والے ایکسپوز کی میزبانی سے معمور ہو جاتا ہے۔ مقامی افراد کے ساتھ ساتھ بیرونی افراد اور سیاحوں کے لئے ایک ہی چھت تلے شاپنگ ،تفریح و طبع اور حیدرآبادی مشہور و معروف ڈشس سے لطف اندوز ہونے کا   منفرد اور دلکش تجربہ فراہم   کیا جاتا ہے۔

شہر حیدرآباد میں عید کے لئے شاپنگ بام عروج پر ہے۔ ہر طرف خوشیوں اور روشنیوں کا ڈیرہ ہے۔ سارا شہر بقعہ نور ہے۔ عید کی خوشیوں کو دو بالا کرنے کے لئے بیرونی ممالک کی طرز پر مختلف عنوانات کے تحت ایکسپوز  سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ۔

 افتتاحیدن کے مناظر- ثانیہ اپنی بہن اور بہنوئی کے ساتھانعم مرزا اور روینہ ٹنڈن 


تاریخی شہر حیدرآباد میں دعوت رمضان ،جشن ای بازار، آنگن اور رینبو شاپنگ فیسٹیول سب کے قلوب کو فتح کر چکے ہیں۔

دعوت رمضان
عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی ہمشیرہ انعم  مرزا کی میزبانی میں امسال کنگس پیالیس گڈی ملکا پور میں دعوت رمضان ایکسپوکا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے ۔ دعوت رمضان میں خصوصیت کے ساتھ پریشان حال فلسطینی بھائیوں سے نہ صرف اظہار یگانگت کیا گیا ہے بلکہ ان کی مدد کے لئے فنڈز بھی وصول کئےجا رہے ہیں ۔ ایکسپو کا مشہور و معروف بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کے ہاتھوں شاندار افتتاح عمل میں آیا ۔ یہ ایکسپو 10 اپریل تک پوری آب  و تاب کے ساتھ جاری رہے گا جہاں روزانہ ستاروں اور ممتاز شخصیتوں کی جھرمٹ لگی ہوئی ہے۔
دعوت رمضان میں شاپنگ کے لئے کشمیر سے کنیا کماری کے ڈیزائنر ویئرس کا وسیع کلکشن پیش کیا گیا ہے۔ ایکسپو میں زائد از 200 اسٹالس موجود ہیں۔ حیدرآبادی تہذیب و ثقافت سے بھرپور اس ایونٹ میں جشن کا سماں ہے۔ روزآنہ سیلیبرٹیز اور ممتاز شخصیتوں کی جھرمٹ سے ایکسپو کو چار چاند لگ گئے ہیں۔ ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کے ذریعہ ایکسپو کی رونق کو دوبالا کیا۔ ثانیہ مرزا کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے عوام کا زبردست ہجوم دیکھا گیا۔
روینہ ٹنڈن نے کیا تھا افتتاح

انعم مرزا اور ان کے خاوند اسد الدین فرزند سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی ایک خوبصورت ایکسپو کو آرگنائز کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں حیدرآبادی شہریوں کی محبتوں پر روینہ ٹنڈن فرط مسرت سے سرشار ہو گئیں۔ انہوں نے شہریان حیدرآباد کو ڈھیر ساری دعاؤں سے نوازا اور کہا کہ پروردگار عالم آپ کے روزوں اور دعاؤں کو شرف قبولیت عطا کرے ۔انہوں نے دعاؤں میں انہیں بھی شامل رکھنے کی درخواست کی۔ روینہ ٹنڈن نے حیدرآباد کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور کہاکہ  وہ متعدد مرتبہ فلمس کی شوٹنگ کے لئے حیدرآباد کا رخ کر چکی ہیں اور یہاں کے کھانوں سے لطف اندوز ہوئی ہیں۔ یہاں کے کھانے انتہائی لاجواب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا موسم اور ماحول بہت زیادہ خوبصورت اور خوشگوار ہے۔ انہوں نے شہریان حیدرآباد کو خوش قسمت قرار دیا اور حیدرآبادی دکنی زبان میں ڈائیلاگس کی پیشکشی کے ذریعہ زبردست جوش و خروش پیدا کیا۔
دعوت رمضان  ایکسپو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ بہت ہی خوبصورت انداز میں فنکشن ہال کو سجایا گیا ہے۔ بچوں کے کھیلنے کے لئے ایریا کا بھی نظم ہے۔  شاپنگ کے ذوق و شوق کے ساتھ ساتھ  حیدرآبادی ڈشس کی مہک ہر ایک کو دعوت رمضان کی طرف کھینچ لا تی ہے ۔دوسری طرف اپنی پسندیدہ شخصیات سے ملاقات کا موقع بھی حاصل ہو رہا ہے۔
ثانیہ مرزا نے گزشتہ روز اپنے فرزند کے ہمراہ ایکسپو کا دورہ کیا اور سب کی توجہ کا مرکز رہیں۔ ثانیہ مرزا کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے عوام کا زبردست ہجوم دیکھا گیا۔ ثانیہ مرزا نے بہترین ایکسپو کے انعقاد پر انعم اور اسد کو مبارکباد پیش کی۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ بیرون ممالک کی طرز پر ایک بہترین ایکسپو کا جو خواب چند برسوں قبل ان کی بہن نے دیکھا تھا وہ آج شرمندہ تعبیر ہو چکا ہے ۔انہوں نے عبادات، اذکار کے ساتھ ساتھ  دعوت رمضان  کا حصہ بننے کا مشورہ دیا ۔انہوں نے کہا کہ جشن کے لئے دعوت رمضان سے بہتر ایکسپو نہیں ہے۔
دعوت رمضان کا ایک خوبصورت منظر

ثانیہ مرزا نے کہا کہ ان کے بیشتر دوست و احباب دعوت رمضان میں حیدرآبادی ڈشس سے لطف اندوز ہونے کے لئے یہاں آتے ہیں اور وہ بھی چادر اور پردے میں متعدد مرتبہ یہاں آتی ہیں اور حیدرآبادی ڈشس سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔
دعوت رمضان میں ملک اور بیرون ممالک کے ڈیزائنر ویئرس کا وسیع کلکشن موجود ہے۔ خوبصورت جیولری، رنگ برنگی چوڑیوں کے علاوہ تمام اشیاء کے برانڈیڈ ایٹمس کے اسٹالس موجود ہیں۔ فوڈ کورٹ میں بریانی، کباب ،حلیم کا کوئی جواب نہیں ۔ دعوت رمضان کا  روزانہ ہزاروں افراد مشاہدہ کر رہے ہیں۔
جشن ای بازار
مشہور و معروف فوڈ بلاگر ڈاکٹر احمد اشفاق کی میزبانی میں  کنگس کلاسک گارڈن میں جشن ای بازار کا فقید المثال پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا۔ یہاں درجنوں فوڈ اسٹالس پر  حیدرآبادی مشہور و معروف پکوان عوام کی خدمت میں پیش کئے گئے۔ جشن ای بازار کا تیسرا ایڈیشن شاندار کامیابی سے ہمکنار رہا۔ دو یوم کے خوبصورت اور شاندار ایونٹ سے ہزاروں افراد محظوظ ہوئے۔
آنگن
اداکارہ، یوٹیوبر اور بزنس وومن زینب علی کی میزبانی میں دی آنگن کا چوتھا ایڈیشن بھی پوری چمک دھمک کے ساتھ کنگس کوہ نور گڈی ملکاپور میں منعقد کیا گیا ہے جہاں شائقین کو تفریح، خریداری اور مزیدار ڈشس سے لطف اندوز ہونے کا بھرپور  تجربہ فراہم کیا گیا ہے۔
رینبو شاپنگ فیسٹیول
 تاریخی سالار جنگ میوزیم کے نزد مینار گارڈن میں رینبو شاپنگ فیسٹیول کا 10 مارچ سے آغاز عمل میں آیا جو 10 اپریل تک جاری رہے گا یہاں ہندوستان کی تمام ریاستوں کے خوبصورت اسٹالس موجود ہیں. بہترین کلکشن کے ساتھ ساتھ رینبو شاپنگ فیسٹیول
 فی الواقعی رنگ برنگی قوس قزاح کی  خوبصورت تصویر پیش کر رہا ہے۔
 الغرض نوابوں کے شہر  حیدرآباد میں رمضان المبارک کی رونق  منفرد نوعیت کی حامل اور قابل دید ہوتی ہے۔  جہاں مساجد، خانقا ہوں اور درگاہوں میں روح پرور مناظر ہوتے ہیں وہیں بازاروں کی رونق بھی دو بالا ہو جاتی ہیں ۔