سری نگر کی 400 سال قدیم پتھر مسجد کی بحالی کے لیے وقف بورڈ کی پہل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-04-2024
سری نگر کی 400 سال قدیم پتھر مسجد کی بحالی کے لیے وقف بورڈ کی پہل
سری نگر کی 400 سال قدیم پتھر مسجد کی بحالی کے لیے وقف بورڈ کی پہل

 

احسان فاضلی/سرینگر

جموں و کشمیر وقف بورڈ نے سری نگر کے مرکز میں واقع چار صدی پرانی پتھر مسجد کی بحالی کا کام کرنے کی اجازت کے لیے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بورڈ کا ایک اہم قدم ہے۔ اس بات کا انکشاف جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے مسجد کے دورہ کے دوران کیا جس کی ایک بھرپور تاریخ ہے اور اس کے باوجود اسے طویل عرصے تک نظر انداز کیا گیا ہے۔

مغل ملکہ نورجہاں نے اس کی تعمیر کی تھی۔ یہ سرمئی چونے کے پتھر سے بنی ہے۔ اسی مناسبت سے اس کا نام بھی رکھا گیا ہے۔ مسجد ایک محفوظ تاریخی یادگار ہے اور اس کی دیکھ بھال جموں وکشمیر وقف بورڈ کرتا ہے۔ ندرابی کہتی ہیں کہ ہم جلد ہی اے ایس آئی کے سامنے اس تاریخی مسجد کی بحالی کی تجویز اٹھائیں گے۔ یہ یادگار اب بھی ایک زندہ عبادت گاہ ہے اور میں مقامی آبادی کو اس محفوظ جگہ کی دیکھ بھال کرنے اور اسے صاف ستھرا رکھنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

مجھے امید ہے کہ اے ایس آئی کی طرف سے سائٹ کی بحالی کی اجازت دی جائے گی کیونکہ ہم ان کے ساتھ تجویز اٹھانے جا رہے ہیں۔ پتھر کی مسجد دوسری مساجد کی طرح شاندار ڈھانچہ نہیں ہے۔ یہ طویل عرصے سے غیرمستعمل تھی اور اس کے احیاء کی کوشش کرنے والوں تازہ ترین شخص شیخ محمد عبداللہ تھے جنہوں نے 1931 میں راجہ کے خلاف بغاوت کے دوران نماز ادا کرنے کے لیے اس کا دورہ کرنا شروع کیا۔ اندرابی نے مقامی سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ مسجد میں نماز ادا کرنے والوں کے لیے سہولیات اور بحالی کی بنیادی ضروریات کے بارے میں بھی بات چیت کی تاکہ یہ تاریخی مقام محفوظ رہے۔ پتھر مسجد سری نگر کے مرکز میں دریائے جہلم کے بائیں کنارے پر خانقاہ معلی کے سامنے واقع ہے۔

awaz

پتھرمسجد کا بورڈ

خانقاہ کو 1395 میں صوفی بزرگ میر سید علی ہمدانی کی یاد میں قائم کیا گیا تھا، جو کہ شاہ ہمدان کے نام سے مشہور ہیں، جو کشمیر میں اسلام پھیلانے والے ایک ایرانی مبلغ تھے۔ پتھر کی مسجد 1623 میں مغل شہنشاہ جہانگیر کی اہلیہ نور جہاں نے سری نگر میں روایتی طور پر لکڑی اور اینٹوں کے بجائے مقامی طور پر دستیاب سرمئی پتھر سے تعمیر کی تھی۔ کشمیر کی اس انوکھی مسجد میں نو محرابیں ہیں جن میں درمیان میں ایک بڑا محراب والا پورٹیکو بھی شامل ہے۔ اس میں روایتی اہرام والی چھت بھی نہیں ہے۔

مسجد کو مکمل ہونے کے فوراً بعد نماز کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا اور اسے غیر مذہبی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا، لیکن بعد میں 1930 کی دہائی کے اوائل میں اسے دوبارہ مسجد میں تبدیل کر دیا گیا۔ مسجد میں نماز جمعہ سمیت باقاعدہ نمازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے جموں و کشمیر میں بورڈ کی مختلف عبادت گاہوں اور جائیدادوں کا بھی دورہ کیا تاکہ ان جائیدادوں کے انتظامات اور دیکھ بھال کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے ان مقامات پر متعدد مذہبی مبلغین، علما اور بورڈ سے وابستہ افراد سے ملاقات کی تاکہ عقیدت مندوں کے لیے سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے انتظامات اور ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے۔

ان دوروں اور بات چیت کے درمیان، ڈاکٹر اندرابی نے پیر کو سری نگر میں اماموں و خطیبوں کی ایک کانفرنس سے بھی خطاب کیا، جس میں وقف بورڈ کے تمام ائمہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالفطر کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور صوفی نظریہ کی ترویج و اشاعت پر غور و خوض کیا گیا جس میں مذہبی مبلغین نے منشیات کے استعمال کے خطرات سے متعلق سماجی بیداری اور معاشرے میں امن وہم آہنگی کی اہمیت کے حوالے سے ائمہ و خطیبوں کی ذمہ داری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی جنہوں نے دو سال قبل وقف بورڈ کی چیئرپرسن کا عہدہ سنبھالا تھا، کہا کہ یہ مبلغین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمارے معاشرے میں اخلاقی اقدار اور سماجی اقدار سے متعلق پیغامات کو نئی نسل تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعیت اور روحانیت کی روح ہماری طاقت ہے اور ہمیں اس صوفی نظریے کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے روحانی پیشواؤں، ولیوں اور رشیوں کی تعلیمات کو نوجوانوں تک پھیلانے کی ضرورت ہے۔ جموں و کشمیر میں صوفی فکر کو پھیلانے میں مذہبی مبلغین کا بڑا کردار ہے۔ حضرت بل کے مزار سمیت تمام صوفی مزارات کی بحالی اور دیکھ بھال، جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا موئے مبارک موجود ہے۔

دستگیر صاحب اور سید یعقوب صاحب کا مزار اندرابی کے ایجنڈے پر ہے جب سے وہ وقف بورڈ کی سربراہ بننے والی پہلی خاتون بنی ہیں۔ حال ہی میں بورڈ نے جموں و کشمیر کے تمام بڑے مزارات کے مرکزی ہالوں کی تازہ قالینیں بچھائی گئی ہیں۔ ایسا پہلی بار ہوا جب وقف بورڈ نے اپنے وسائل کو مزارات کی دیکھ بھال اور عقیدت مندوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا۔ درخشاں نے کہاکہ احتساب کو یقینی بنا کر، ہم بورڈ کے وسائل سے پہلی بار اس طرح کے منصوبے اور دیگر تعمیراتی منصوبے شروع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

awaz

پتھرمسجد کا اندرونی منظر

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پورے جموں و کشمیر میں تہواروں کے دوران نماز کے لیے ایک پرسکون اور بہتر ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ بورڈ لوگوں کی خدمت کرنے اور انہیں تمام عبادت گاہوں پر آسانی فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ڈاکٹر اندرابی نے وقف بورڈ کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور تہوار کے دنوں میں وقف بورڈ کے زیر انتظام تمام مزارات اور مساجد میں بورڈ کی طرف سے رکھی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں آڈٹ، اثاثوں اور آمدنی کے احتساب کو یقینی بنایا، اور بدعنوان لوگوں کی سازشوں کے باوجود، ہم نے وقف بورڈ کو اصلا ح کرکے عوامی بھلائی کے لیے ایک شفاف کام کرنے والے نظام میں تبدیل کیا۔