تلنگانہ:'فریڈم رن' میں ہزاروں افراد نے لیاحصہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-08-2022
تلنگانہ:'فریڈم رن' میں ہزاروں افراد نے لیاحصہ
تلنگانہ:'فریڈم رن' میں ہزاروں افراد نے لیاحصہ

 

 

حیدرآباد:تلنگانہ میں جمعرات کے روز منعقدہ فریڈم رن میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا۔ وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ریاستی قانون ساز اوردیگر منتخب نمائندوں نے فریڈم رن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

فریڈم رن کا انعقاد حیدرآباد اور دیگر اضلاع کے مختلف حصوں میں آزادی کے 75 سال کے موقع پر محکمہ پولیس کی جانب سے دو ہفتے طویل تقریبات کے تحت کیا گیا تھا۔حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے فریڈم رن کا انعقاد کیا گیا۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ریاستی وزیرٹی سری نواس یادو کے ساتھ فریڈم رن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

ایم ایل اے ڈی ناگیندر، چیف سکریٹری سومیش کمار، حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی۔ آنند اور دیگر عہدیداروں نے پروگرام میں شرکت کی۔ تقریب میں مرد، خواتین اور بچوں نے قومی پرچم ہاتھوں میں لیے ہوئے شرکت کی۔ فریڈم رن پولس انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے این ٹی آر بھون تک چلائی گئی اور اسی راستے سے واپس آئی۔ پولیس نے آپریشن کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے ٹریفک پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

 

حیدرآباد کے پرانے علاقے  میں فلک نما پیلس سے چارمینار تک فریڈم رن کا انعقاد کیا گیا۔ چار کلومیٹر طویل رن کو اسسٹنٹ کمشنر پولیس شیخ جہانگیر نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اسمبلی اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ قصبے میں فریڈم رن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے آزادی کے متوالوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور بہت سے دوسرے آزادی پسندوں نے ہندوستان کو غیر ملکی تسلط سے آزاد کرانے کی تحریک میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام عظیم شخصیات کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزادی کی سانس لے رہے ہیں۔ وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے واناپارتھی میں فریڈم رن میں حصہ لیا۔ فریڈم رن میں ڈسٹرکٹ کلکٹر شیخ یاسمین باشا اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیر نے اس موقع پر کہا کہ آزادی کا مطلب ایک دن کا جشن نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو آزاد کرانے کی کوششیں 225 سال قبل اسلاف نے شروع کی تھیں اور ان کی قربانیوں کے نتیجے میں ملک کو 75 سال قبل 15 اگست 1947 کو آزادی ملی تھی۔ وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت8اگست سے22اگست تک تقریبات کےایک حصےکے طور پر مختلف پروگرام منعقد کر رہی ہے۔ریاستی حکومت ریاست بھرمیں1.20کروڑ قومی پرچم بھی مفت تقسیم کررہی ہے۔تقسیم کا پروگرام 14 اگست تک جاری رہے گا۔

وزیر اعلی کےچندر شیکھر راؤ نے پیر کے روز حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سینٹر(HICC) میں ایک شاندار تقریب میں قومی پرچم لہرا کر دو ہفتے کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔