روڈ شو کے دوران تیجسوی یادو اور پپو یادو کے حامیوں میں ہوئی جھڑپ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-04-2024
روڈ شو کے دوران تیجسوی یادو اور پپو یادو کے حامیوں میں ہوئی جھڑپ
روڈ شو کے دوران تیجسوی یادو اور پپو یادو کے حامیوں میں ہوئی جھڑپ

 

نئی دہلی/ آواز دی وائس
لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوسرے مرحلے کے تحت 26 اپریل کو پورنیہ میں ووٹنگ ہونی ہے۔ نامزدگی کے بعد سے یہ سیٹ زیر بحث ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ تیجسوی یادو اور پپو یادو کے درمیان جاری کشمکش ہے۔ یہ معاملہ منگل کی شام اس وقت مزید گرم ہو گیا جب پورنیہ میں روڈ شو کے دوران تیجسوی یادو اور پپو یادو کے حامی آپس میں ٹکرا گئے۔ 
تیجسوی یادو یہاں گرینڈ الائنس کی امیدوار بیما بھارتی کی تشہیر کرنے آئے تھے۔ جبکہ پپو یادو پورنیہ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
دونوں لیڈروں کے حامیوں کے درمیان تصادم اس وقت ہوا جب تیجسوی یادو کا قافلہ پورنیہ کے لائن بازار سے گزر رہا تھا۔ جیسے ہی تیجسوی یادو کا قافلہ لائن بازار کے قریب پہنچا، پپو یادو اور تیجسوی یادو کے حامیوں کی جانب سے زندہ باد کے نعرے لگائے جانے لگے۔ اس کے بعد جب پولس نے دیکھا کہ ماحول مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے تو انہوں نے دونوں پارٹیوں کے حامیوں کو الگ کر دیا اور تیجسوی یادو کے قافلے کو وہاں سے نکال دیا۔ پولیس کی مداخلت کے بعد ہی ہنگامہ پر قابو پایا جا سکا۔
تیجسوی یادو اور پپو یادو کے درمیان اس وقت سے لڑائی چل رہی ہے جب سے یہ سیٹ آر جے ڈی کے پاس گئی تھی اور آر جے ڈی نے اس سیٹ سے بیما بھارتی کو میدان میں اتارا تھا۔ آر جے ڈی کے اس اعلان سے کچھ وقت پہلے پپو یادو نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کر دیا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پپو یادو نے یہ اس امید کے ساتھ کیا تھا کہ پارٹی انہیں پورنیہ سے انتخابات میں ٹکٹ دے گی۔ لیکن جب یہ سیٹ گرینڈ الائنس کے معاہدے کے تحت آر جے ڈی کے پاس گئی اور آر جے ڈی نے بیما بھارتی کو یہاں سے اپنا امیدوار بنایا تو پپو یادو نے یہاں سے آزاد پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا فیصلہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ تیجسوی یادو نے پیر کو پورنیہ لوک سبھا حلقہ میں آر جے ڈی امیدوار بیما بھارتی کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ یہ الیکشن دو نظریات کی لڑائی ہے۔ انہوں نے کٹیہار ضلع کے کودھا اسمبلی حلقہ میں کہا تھا کہ آپ انڈیا الائنس کا انتخاب کریں۔ اگر آپ انڈیا الائنس کی بیما بھارتی کا انتخاب نہیں کرتے ہیں، تو یہ واضح ہے کہ آپ کو این ڈی اے کا انتخاب کرنا چاہیے۔ انہوں نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کے دھوکے میں نہ آئیں۔ یہ کسی ایک شخص کا انتخاب نہیں ہے۔