سری نگر: آرتی اور نعت کے ساتھ پنڈتوں نے کیا حاجیوں کا استقبال

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-07-2022
سری نگر: آرتی اور نعت کے ساتھ پنڈتوں نے کیا حاجیوں کا استقبال
سری نگر: آرتی اور نعت کے ساتھ پنڈتوں نے کیا حاجیوں کا استقبال

 

 

آواز دی وائس، سری نگر

آج کشمیر ایئر پورٹ پر اتحاد و بھائی چارے کا بڑا ہی انوکھا منظر دیکھنے کو ملا۔ جب ایئرپورٹ پر حاجیوں کا پہلا دستہ نکلا توان کا استقبال کرنے کے لیے، ان کی آرتی اتارنے کے لیے بڑی تعداد میں کشمیری پنڈت موجود تھے۔ ملک کے اندر جہاں فرقہ پرست عناصر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں کشمیری پنڈتوں نے حاجیوں کا استقبال کرکے ملک کے فرقہ پرست عناصر کو امن و شانتی اور خیر سگالی کا پیغام دے رہے ہیں۔

کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد ہفتہ کو سری نگر کے شیخ العالم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 145 حاجیوں کی پہلی کھیپ کا استقبال کرنے پہنچی جوحج کا فریضہ ادا کرکے سعودی عرب کے شہر مکہ سے واپس آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق وادی کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ایک مثالی مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیری پنڈتوں نے کشمیری زبان میں نعت پڑھ کر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حاجیوں کا استقبال کیا۔ کشمیری پنڈتوں نے حاجیوں کو مبارکباد دی اور ان سے دعا کی درخواست کی۔

اس تقریب کی ویڈیوز متعدد انٹرنیٹ صارفین نے شیئر کیں جن میں کشمیری پنڈت ایکٹیوسٹ موہت بھان بھی شامل ہیں۔ موہت بھان نے اپنی  ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارے کشمیری پنڈت آج سری نگر کے ہوائی اڈے پر روایتی انداز میں نعت پڑھ کرحاجیوں کا استقبال کر رہے ہیں۔ یہ ہماری ہم آہنگی کی ثقافت ہے، اسلام کے ماننے والے امرناتھ یاترا کے اہل ہیں اور شیومت کے پیروکار اتحاد کے پیامبر ہیں۔

awazthevoice

کشمیری پنڈت کر رہے ہیں حاجیوں کا استقبال

خیال رہے کہ ہفتہ کے روز جموں کشمیر سے 145 سے زائد عازمین کی پہلی کھیپ سعودی عرب میں سالانہ حج کی ادائیگی کے بعد واپس لوٹی ہے۔ بتا دیں کہ ڈویژنل کمشنر کشمیر، پی کے پول، ڈی آئی جی سنٹرل کشمیر رینج سوجیت کمار، ڈپٹی کمشنر بڈگام اور جے کے کے ایگزیکٹو آفیسر حج کمیٹی عبدالسلام میر نے 145 حاجیوں کی پہلی کھیپ کا استقبال کیا، جو صبح 7.50 بجے اترنے والے پہلے بیچ میں پہنچے۔ اس سال جموں کشمیر کے 7000 سمیت ہندوستان کے کم از کم 80,000 عازمین نے حج 2022 کیا۔

 حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آنے والے حاجیوں کے لیے ایئرپورٹ پر مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ  حجاج کو لےکرآنے والی آخری پرواز یکم اگست کو سری نگر کے ہوائی اڈے پر اترے گی۔ اگرچہ آج سے حج 2022 کے سفر سے واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے،آج  صبح تقریباً 4 بجے پہلا طیارہ حاجیوں کو واپس لے کر دہلی ایئرپورٹ پہنچا، جس میں کل 410 حاجی ہندوستان آئے۔

اپنے خاندان کے لوگوں کو حج سے واپس آتا دیکھ کر بہت سے لوگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ دہلی ایئرپورٹ پر دیر رات سے ہی حاجیوں کے استقبال کے لیے رشتہ داروں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں، ہاتھوں میں پھول لیے لوگ اپنے پیاروں کا انتظار کرتے ہوئے نظر آئے۔

ایئرپورٹ پر کھڑے تمام اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ یہ صرف کورونا کی وبا کے خاتمے کی وجہ سے ممکن ہوا ہے اور ایک بار پھر لوگوں نے حج پر جانا شروع کردیا ہے۔حج 2022 مکمل کرنے کے بعد حاجیوں نے کہا کہ ہمارا حج بہت اچھا رہا اور حکومت نے تمام حاجیوں کے لیے بہترین انتظامات کیے تھے۔

awazthevoice

حاجیوں کا گرم جوشی سے استقبال

ایک حاجی نے کہا کہ ہم تو بس یہی دعا کریں گے کہ ملک میں امن ہو۔ ان حاجیوں میں کچھ ایسے لوگ بھی شامل تھے، جنہیں کئی سالوں کے بعد حج پر جانے کا موقع ملا ۔ دراصل کورونا کی وجہ سے دو سال بعد ہندوستان سمیت دنیا بھر سے لوگ مناسک حج پر گئے جن کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

پہلی پرواز سے دہلی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے 410 حاجیوں میں دہلی سے 136، یوپی سے 269، ہریانہ کے 3 اور جموں و کشمیر سے 2 حاجی شامل ہیں۔