ہندوستان سے دوستی کا ہاتھ ملائیں۔۔۔ پاکستانی بزنس ٹائیکون کی شہباز سے درخواست

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-04-2024
ہندوستان سے دوستی کا ہاتھ ملائیں۔۔۔ پاکستانی بزنس ٹائیکون کی شہباز سے درخواست
ہندوستان سے دوستی کا ہاتھ ملائیں۔۔۔ پاکستانی بزنس ٹائیکون کی شہباز سے درخواست

 

کراچی/ آواز دی وائس
 پاکستان کے ایک بڑے تاجر نے وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے دو مطالبات کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اپنے جیل میں بند سیاسی حریف پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے صلح کرنی چاہیے۔ تاجر نے اپنے دوسرے مطالبے میں ہندوستان سے دوستی کا کہا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے۔ کراچی کو پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت کہا جاتا ہے۔ اس دوران شہباز شریف نے پاکستانی تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان سے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے تجاویز طلب کیں۔
دریں اثنا، پاکستانی بزنس ٹائیکون عارف حبیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بیل آؤٹ پیکج حاصل کرنے میں وزیر اعظم شہباز کی اپنے گزشتہ دور حکومت میں کوششوں کی تعریف کی۔ گزشتہ سال جون میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے، اعلیٰ بروکریج فرم کے مالک عارف حبیب نے وزیراعظم شہباز کو ملک میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے "دو مزید مصافحہ" کرنے کا مشورہ دیا - ایک پڑوسی ممالک کے ساتھ اور دوسرا پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے ساتھ
عارف حبیب نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ آپ مزید دو ہاتھ ملایں، ایک ہمارے پڑوسیوں سے، جس پر آپ کام کر رہے ہیں، جس میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ دوسری بات یہ کہ آپ اڈیالہ جیل کے کسی قیدی سے مصافحہ بھی کریں۔ مجھے لگتا ہے کہ ان دو اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ پاکستان نے اگست 2019 میں جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کی وجہ سے یکطرفہ طور پر ہندوستان کے ساتھ تجارت پر پابندی عائد کردی تھی۔ تاہم پاکستانی عوام اب بھی اس کی قیمت چکا رہے ہیں۔
پاکستان ہندوستان کے ساتھ تجارت شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چند روز قبل ہندوستان کے ساتھ تجارت بحال کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اعتراف کیا تھا کہ پاکستان اب بھی ہندوستان کے ساتھ کاروبار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہم سامان براہ راست آرڈر کریں گے تو یہ سستا ہوگا۔ ڈار نے کہا تھا کہ وہ متعلقہ فریقوں سے بات کریں گے اور ہندوستان کے ساتھ تجارت شروع کرنے کے لیے شہباز کابینہ میں تجویز پیش کریں گے۔ اس کے بعد پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے بڑے بھائی نواز شریف بھی ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی بات کرتے رہے ہیں۔