شیوسینا کے کئی ایم پی ہم سے جڑیں گے:ایکناتھ شندے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-07-2022
 شیوسینا کے کئی ایم پی ہم سے جڑیں گے:ایکناتھ شندے
شیوسینا کے کئی ایم پی ہم سے جڑیں گے:ایکناتھ شندے

 


ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس شیوسینا کو ایک اور جھٹکا دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایکناتھ شندے نے دعویٰ کیا ہے کہ شیوسینا کے کئی ممبران پارلیمنٹ اور لیڈران بھی ان کے ساتھ شامل ہوں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں جو کمال ہوا ہے، وہ صرف کام کرنے کے لیے ہوا ہے اور ہم عام آدمی کے لیے کام کریں گے۔ ظاہر ہے، ایکناتھ شندے کے بیان سے سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کو ضرور صدمہ پہنچا ہوگا۔

صدارتی انتخاب میں شیو سینا اپنے ممبران پارلیمنٹ کے دباؤ میں این ڈی اے کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کر سکتی ہے۔

تاہم شیوسینا کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن سنجے راوت نے اپنے ایک بیان سے اشارہ دیا ہے۔

شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے منگل کی صبح میڈیا کو بتایا، "ہم نے اپنی میٹنگ میں دروپدی مرمو (این ڈی اے کی صدارتی امیدوار) پر تبادلہ خیال کیا۔

دروپدی مرمو کی حمایت کا مطلب بی جے پی کی حمایت کرنا نہیں ہے۔ شیوسینا کا رول ایک دو دن میں واضح ہو جائے گا۔ اپوزیشن کو زندہ رہنا چاہیے۔

ہمارا اپوزیشن کے صدارتی امیدوار یشونت سنہا کے تئیں بھی خیر سگالی ہے۔ اس سے پہلے ہم نے پرتیبھا پاٹل کی حمایت کی تھی نہ کہ این ڈی اے کے امیدوار کی۔ ہم نے بھی پرنب مکھرجی کی حمایت کی۔ شیوسینا دباؤ میں آکر فیصلے نہیں کرتی ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ کچھ دن پہلے صدارتی انتخاب کے سلسلے میں ماتوشری میں شیوسینا کے ممبران پارلیمنٹ کی میٹنگ ہوئی تھی، جس میں تمام ممبران پارلیمنٹ نے دروپدی مرمو کی حمایت کی تھی۔

شیوسینا کے 18 لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ میں سے 16 نے میٹنگ میں حصہ لیا تھا۔ مانا جا رہا ہے کہ کئی ممبران پارلیمنٹ بھی شندے کی حمایت کر سکتے ہیں۔