ریزرو بینک: ریپو ریٹ میں اضافہ۔ ۔ ای ایم آئی مہنگی ہو گئی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2022
 ریزرو بینک: ریپو ریٹ میں اضافہ۔ ۔ ای ایم آئی مہنگی ہو گئی
ریزرو بینک: ریپو ریٹ میں اضافہ۔ ۔ ای ایم آئی مہنگی ہو گئی

 

 

نئی دہلی : آواز دی وائس

آر بی آئی مانیٹری پالیسی 2022: آر بی آئی نے ریپو ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ جس کے بعد یہ 5.9 فیصد کی تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعہ (30 ستمبر 2022) کو اعلان کیا کہ مرکزی بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی ) نے ریپو ریٹ کو 50 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) بڑھا کر تین سال کی بلند ترین سطح 5.9 فیصد کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس میں گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ یہ تبدیلیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔ اس سال آر بی آئی کی طرف سے شرح سود میں یہ چوتھا اضافہ ہے۔ اس سے قبل اگست 2022 میں ریپو ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا تھا اور شرح سود کو 4.90 فیصد سے بڑھا کر 5.40 فیصد کیا گیا تھا۔

جی ڈی پی میں 13.5 فیصد اضافہ: آر بی آئی گورنر نے کہا کہ افراط زر تقریباً 7 فیصد ہے اور سال کی دوسری ششماہی میں یہ 6 فیصد کے قریب رہنے کی امید ہے۔ "مہنگائی 6.7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ ایسے میں ایم پی سی کو موجودہ حالات کے پیش نظر محتاط رہنا ہوگا۔ شکتی کانت داس نے کہا کہ پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں سال بہ سال 13.5 فیصد اضافہ ہوا۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ریزرو بینک لگاتار شرح سود میں اضافہ کر رہا ہے لیکن پھر بھی ملک میں مہنگائی کی شرح ریزرو بینک آف انڈیا کی مقرر کردہ حد سے زیادہ ہے۔ ساتھ ہی، آر بی آئی کی جانب سے ریپو ریٹ میں اضافے کی وجہ سے، گھر، ذاتی اور کار قرض جیسے قرضوں کی شرح سود بڑھے گی، جس کی وجہ سے ای ایم آئی بڑھے گی۔