دہلی: سبھی کو نہیں ملے گی بجلی میں سبسڈی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-09-2022
دہلی: سبھی کو نہیں ملے گی بجلی میں سبسڈی
دہلی: سبھی کو نہیں ملے گی بجلی میں سبسڈی

 

 

نئی دہلی: دہلی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے دارالحکومت میں صرف ان لوگوں کو سستی بجلی دی جائے گی، جو اس کا مطالبہ کریں گے۔

 بجلی سبسڈی پر دہلی حکومت کا یہ ایک اہم فیصلہ ہے۔ اس وقت تقریباً 47,11,176 خاندان بجلی سبسڈی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اب تمام صارفین کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ سبسڈی چھوڑ دیں یا یکم اکتوبر سے مفت بجلی حاصل کرنا جاری رکھیں۔

 دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ 200 یونٹ تک مفت بجلی ہے، 200 سے 400 یونٹ تک آدھا بل۔ یہ کچھ لوگوں کا مطالبہ تھا، یہ بالکل درست تھا کہ ہم بجلی کا بل دے سکتے ہیں، ہمیں سبسڈی کیوں دی جا رہی ہے۔ ہمیں یہ اختیار دیا جائے کہ اگر ہم ادا کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں، اگر ہم نہیں کرنا چاہتے تو نہ کریں۔

کیجریوال نے مزید کہا کہ چند ماہ قبل حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم سبسڈی صرف ان لوگوں کو دیں گے جو درخواست دیں گے۔اب اس اسکیم کو نافذ کرنے جا رہے ہیں۔

 ہم نے کہا تھا کہ پرانی اسکیم 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔ یکم اکتوبر سے صرف درخواست دینے والوں کو سبسڈی ملے گی۔ آج ہم اپلائی کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

بجلی کے بل کے ساتھ ایک فارم آئے گا، اس فارم کو پُر کر کے، آپ اسے جمع کر سکتے ہیں جہاں آپ بل جمع کروانے جاتے ہیں۔آپ 70113111111 پر مس کال بھی کر سکتے ہیں۔

 اس کے بعد ایک پیغام میں ایک لنک آئے گا اور اس پر کلک کریں۔ آپ کے واٹس ایپ پر ایک فارم کھل جائے گا۔ آپ اسے بھر کر جمع کر سکتے ہیں۔

دہلی حکومت کے مطابق لوگ مشورہ دے رہے تھے کہ مالی طور پر مضبوط خاندانوں کو سبسڈی دینے کے بجائے اس رقم کو اسکولوں اور اسپتالوں کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ کیجریوال کے مطابق 16-17 لاکھ خاندان ہیں جن کے آدھے بل آتے ہیں۔ 30 لاکھ خاندانوں کو مفت بجلی مل رہی ہے۔