پی ایف آئی پرصرف احتیاطی کارروائی کی جا رہی ہے:بومئی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-09-2022
پی ایف آئی پرصرف احتیاطی کارروائی کی جا رہی ہے:بومئی
پی ایف آئی پرصرف احتیاطی کارروائی کی جا رہی ہے:بومئی

 

 

بنگلورو: ریاست کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے منگل کو کہا کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا(PFI) اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(SDPI) پر کوئی چھاپے نہیں مارے جا رہے ہیں لیکن احتیاطی تدابیر کے طور پر کارروائی کی جا رہی ہے۔

  وزیراعلیٰ بومئی نے کہا کہ یہ ایک آپریشن ہے جو ہماری پولیس نے احتیاطی اقدام کے طور پر کیا ہے۔ متعلقہ تحصیلداروں کو مطلع کرنے کے بعد ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ چھاپے صرف کرناٹک تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی تک محکمہ پولیس سے ریاست میں کی گئی کارروائی کی مکمل تفصیلات حاصل نہیں ہوئی ہیں۔

دریں اثنا  وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔

 وزیر سدھاکر نے سوال کیا کہ منتخب نمائندوں پر حملہ اور ان کے قتل کی سازش کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے بجائے کیا ان کی پوجا کی جائے؟

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے خلاف سازش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ ان کو ختم کیا جائے۔ جرم کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تحقیقات کے بعد مزید گرفتاریاں ہوں گی۔

اطلاعات ہیں کہ وہ عوام میں انتشار پیدا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں اور وزیر اعظم کو قتل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جاننے کے لیے تحقیقات کرنا ہوں گی کہ آیا یہ عناصر ایسے جرائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ریاست میں پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی کی ترقی کے لئے کانگریس پارٹی براہ راست ذمہ دار ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ریاست میں پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی سے تعلق رکھنے والے 80 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔