مہان دل کا سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد ختم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2022
مہان دل کا سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد ختم
مہان دل کا سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد ختم

 

 

لکھنو: اتر پردیش میں سیاسی ہلچل بڑھ رہی ہے۔ اس دوران مہان دل نے سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مہان دل کے صدر کیشو دیو موریہ نے اتحاد توڑنے کا اعلان کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی پر نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ایم ایل سی سیٹ نہ ملنے کی وجہ سے کیشو دیو موریہ کافی ناراض تھے۔ انہوں نے ایس پی صدر اکھلیش یادو پر راجیہ سبھا اور ودھان سبھا میں دباؤ کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا، ''اکھلیش بات بھی نہیں کرتے۔ اب ایس پی کو میری ضرورت نہیں، اس لیے الگ ہو رہا ہوں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اکھلیش یادو،چاپلوسوں میں گھرے ہوئے ہیں اور انہیں نچلی سطح کے کارکنوں کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نظر انداز کیا گیا ہے۔ وہ مجھ سے بات بھی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں مہان دل کو صرف دو سیٹیں دی گئیں اور وہ بھی ایس پی کے نشان پر۔

انہوں نے کہا، ''میں نے اکھلیش یادو سے کہا تھا کہ مجھے ایٹہ یا فرخ آباد سے لوک سبھا سیٹ پر الیکشن لڑوایا جائے، لیکن نہیں سنا گیا۔ فرخ آباد کے ایس پی انچارج نے ہمارے ہی سماج کا لیڈر بنا دیا۔ مجھے نظر انداز کیا گیا ہے۔" ساتھ ہی کیشو دیو موریہ ، سوامی پرساد موریہ سے بھی کافی ناراض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوامی پرساد موریہ پہلے بی ایس پی میں تھے، پھر بی جے پی میں چلے گئے اور پھر سماج وادی پارٹی میں شامل ہوئے۔ ایسے شخص کو کیا کہیں گے جو پارٹی بدلتا رہتا ہے؟ لیکن اکھلیش ان پر مہربان ہیں۔ اس کو لے کر کیشو دیو موریہ کی ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔

اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ سوامی پرساد موریہ وہی کرتے ہیں جو اکھلیش یادو کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوامی پرساد موریہ ایس پی سربراہ کے کٹھ پتلی ہیں۔