نفرت کا جواب محبت سے دیاجائے:آئی ایم سی آر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-07-2022
ممبئی:مسلم رہنما چلائیں گےحقوقِ تحفظ مہم
ممبئی:مسلم رہنما چلائیں گےحقوقِ تحفظ مہم

 

 

 آواز دی وائس،ممبئی

 مسلم رہنماؤں کی جانب سے ملک گیر سطح پر حقوق تحفظ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مہم کے اندر ملک کی دیگر برادری یعنی ہندوں تک اپنی بات پہنچائی جائے گی۔انڈین مسلمز فار سول رائٹس (آئی ایم سی آر) کے ذریعہ منعقدہ ایک میٹنگ میں رہنماؤں نے غلط فہمیوں کو دور کرنے اور دونوں برادریوں کے درمیان ثالثی کردار ادا کرنے کے لیے جلد ہی ایک مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس مہم کا خاص مقصد یہ ہے کہ نفرت کے جواب میں محبت عام کی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھول رہا ہے تو ہمیں نفرت کا مقابلہ محبت سے کرنا ہے۔ مہاراشٹر کے سابق ریاستی وزیر نسیم خان نے کہا کہ ہرمسلمان کو کم از کم چار ہندوؤں سےملاقات کرے اور نفرت جو پھیل رہی ہے، اسے کم کیا جائے۔ پروگرام میں موجود بہت سے افراد نے ان کی رائے کی تائید کی۔

 اسلام جم خانہ کے صدر یوسف ابراہنی کی میزبانی میں ہونے والے اس پروگرام میں شہر کے 100 کے قریب کمیونٹی رہنما اور کارکنان نے شرکت کی۔

اس موقع پر سابق ایم پی محمد ادیب نے کہا کہ  مسلم کمیونٹی اپنی وجود کی جنگ لڑ رہی ہے۔ اس سے پہلے کمیونٹی کو ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم کمیونٹی کی حالت اتنی زیادہ خراب ہوگئی ہے کہ ہمارےآئینی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔

محمد ادیب نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیں صرف انتخابات کے دوران ہی یاد کرتی ہیں اور جب تک ہم فوری تدارک کے لیے اقدامات نہیں کریں گے، ہمارے حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔ ہمیں انصاف اور باوقار زندگی گزارنے کی اس لڑائی میں سیکولر غیر مسلموں اور دلتوں کی مدد لینی ہوگی۔

اس موقع پر آئی ایم سی آر کے رکن خورشید نے کہا کہ یہ تنظیم کوئی خصوصی مسلم کلب نہیں ہے۔ اور یہ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں ہے۔  یہ یقیناً مسلمانوں کے ذریعے قائم کیا گیا ہے، تاہم دوسروں سے بھی مدد لیں گے۔ سب سے پہلے ہم اپنے گھر کو ترتیب دینا چاہتے ہیں۔ 

 سینئر وکیل اور این سی پی رہنما مجید میمن نے کہا کہ مسلم کمیونٹی کی زندگی، سلامتی اور آئین کی طرف سے ضمانت دی گئی آزادی کو خطرہ لاحق ہے۔

 آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے صدر اقبال میمن افسر نے کہا کہ ممبئی نے کئی تحریکوں کی حمایت کی ہے اور یہ شہر آئین کو بچانے کی ہر مہم کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ سپریم کورٹ کے وکیل فضیل ایوبی نے کہا کہ وفد جلد ہی حیدرآباد، جے پور اور بنگلور جیسے شہروں کا دورہ کرے گا اور ہم خیال گروپوں اور این جی اوز کی حمایت حاصل کرے گا۔

 سابق بیوروکریٹ مسعود حسین نے مختلف شعبوں کی وضاحت کی جن پر گروپ توجہ مرکوز کرے گا۔  اعظم بیگ نے کہا کہ لیگل سیل اور میڈیا سیل ہمارے دو اہم شعبے ہیں جن پر ہم بھی توجہ مرکوز کریں گے۔