لوک سبھا انتخابات: الیکشن کمیشن نے کم ووٹنگ پر کیا تشویش کا اظہار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-04-2024
لوک سبھا انتخابات: الیکشن کمیشن نے کم ووٹنگ پر کیا تشویش کا اظہار
لوک سبھا انتخابات: الیکشن کمیشن نے کم ووٹنگ پر کیا تشویش کا اظہار

 

نئی دہلی/ آواز دی وائس
 ملک کے کچھ حصوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور گرمی کی لہر کا اثر لوک سبھا انتخابات 2024 میں دیکھا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 19 اپریل کو ہوئی تھی، چلچلاتی گرمی کی وجہ سے کم ووٹر بوتھ پر پہنچے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں تک گرمی اور ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کم ووٹنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہیٹ ویو کے خطرے کو کم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے پیر کو محکمہ موسمیات کے حکام سمیت متعدد اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔
اس میٹنگ میں محکمہ موسمیات، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے افسران نے شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمشنروں گیانش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کی۔ زیادہ تر ریاستوں کے سی ای او نے ہیٹ ویو کے سلسلے میں انتظامات کو بہتر بنانے کا یقین دلایا ہے۔ دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔ اس لیے ریاستی حکومتیں بھی بہتر انتظامات کے لیے اقدامات کریں گی۔ 
آئی ایم ڈی الیکشن کمیشن سے مسلسل رابطے میں ہے۔
موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل، مرتیونجے مہاپاترا نے کہا کہ آئی ایم ڈی الیکشن کمیشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ موسمی پیشین گوئیوں کے ساتھ ساتھ، ہم ماہانہ، ہفتہ وار اور روزانہ کی پیشین گوئیاں کر رہے ہیں۔ انہیں گرمی کی لہر اور نمی کی پیشین گوئیاں دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو ان جگہوں کے بارے میں معلومات اور پیشین گوئیاں دے رہے ہیں جہاں متعدد مراحل میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
پی ایم مودی نے بھی میٹنگ کی۔
اس سے پہلے 11 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے گرمیوں کے موسم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی تھی۔ میٹنگ میں پی ایم مودی کو اپریل سے جون 2024 تک کے درجہ حرارت کے بارے میں معلومات دی گئی جس میں گرم موسم کی پیشن گوئی بھی شامل ہے۔
زیادہ درجہ حرارت لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر سکتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آف میٹرولوجی مرتیونجے موہاپاترا کا کہنا ہے کہ اس گرم موسم میں مغربی ہمالیائی خطے، شمال مشرقی ریاستوں اور شمالی اوڈیشہ کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت بڑھنے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیٹ ویو کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ خطرے کا باعث بنتا ہے۔ یہ بوڑھوں، بچوں اور پہلے سے بیمار لوگوں کو پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔
۔4 ریاستوں کے لیے ہیٹ ویو الرٹ
دریں اثنا، آئی ایم ڈی نے ملک کی 4 ریاستوں کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں بہار، اتر پردیش، اڈیشہ اور مغربی بنگال شامل ہیں۔ ان ریاستوں کے ساتھ ساتھ چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں اتوار کو درجہ حرارت 42 ڈگری کو عبور کر گیا۔ اڈیشہ کے کچھ اضلاع میں درجہ حرارت 43 ڈگری کے قریب ہے۔ یہاں ہیٹ ویو کی وجہ سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
ان ریاستوں میں بارش کا الرٹ
آئی ایم ڈی کے مطابق 23 ریاستوں میں بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ ان میں اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، مغربی بنگال، سکم، اڑیسہ، جھارکھنڈ، جموں کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان، اتر پردیش، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، تامل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک، شامل ہیں۔ 
الیکشن کب ہیں؟
لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے بعد تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو، چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو، پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو، چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو اور ساتویں مرحلے میں یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 2019 کے آخری عام انتخابات بھی سات مرحلوں میں ہوئے تھے۔