کیجریوال نے سپریم کورٹ میں ای ڈی کو جواب دیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2024
کیجریوال نے سپریم کورٹ میں ای ڈی کو جواب دیا
کیجریوال نے سپریم کورٹ میں ای ڈی کو جواب دیا

 

نئی دہلی: اروند کیجریوال کی جانب سے سپریم کورٹ میں ان کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی پر جواب داخل کیا گیا ہے۔ یہ جواب سپریم کورٹ میں داخل ای ڈی کے حلف نامہ پر داخل کیا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ کیجریوال کو سپریم کورٹ کے حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ ای ڈی کی طرف سے بھیجے گئے ہر سمن کا تفصیل سے جواب دیا گیا ہے۔ ای ڈی صرف تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کی بنیاد پر گرفتار نہیں کر سکتی۔

کیجریوال کی جانب سے داخل کیے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ جو دستاویزات ان کے حق میں ہیں، انہیں ای ڈی نے جان بوجھ کر عدالت کے سامنے نہیں رکھا۔ اروند کیجریوال کو جن بیانات اور شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے وہ 7 دسمبر 2022 سے 27 جولائی 2023 تک کے ہیں۔ اس کے بعد سے ای ڈی کے پاس کیجریوال کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ایسے میں اس پرانے ثبوت کی بنیاد پر 21 مارچ کو گرفتاری کی کیا ضرورت تھی، یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ 21 مارچ کو ان کی گرفتاری سے پہلے، ان پرانے ثبوتوں کی وضاحت کے حوالے سے کیجریوال کا کوئی بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا تھا۔

اس کے جواب میں کہا گیا کہ لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد کی گئی گرفتاری سے ای ڈی کی نیت صاف ظاہر ہوتی ہے۔ اگرچہ ای ڈی کیجریوال پر ثبوت تباہ کرنے کا الزام لگا رہی ہے، لیکن کیجریوال کے خلاف ایک بھی ایسا بیان یا ثبوت نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ انہوں نے ثبوت کو تباہ کیا ہے۔

اپنے جواب میں کیجریوال نے کہا کہ ای ڈی نے جان بوجھ کر ان شریک ملزمان کے بیانات عدالت میں نہیں رکھے ہیں جن میں کیجریوال پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ ای ڈی کا واحد مقصد کجریوال کے خلاف کچھ بیانات حاصل کرنا تھا، جیسے ہی بیانات موصول ہوئے، انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ اروند کیجریوال کی گرفتاری اپنے آپ میں ایک بڑی مثال ہے کہ کس طرح مرکزی حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کے لیے ای ڈی جیسی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

انتخابی عمل کے دوران اس گرفتاری سے جہاں عام آدمی پارٹی کو نقصان پہنچے گا وہیں اس سے حکمران جماعت بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ تمام جماعتوں کو یکساں مواقع ملیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے 5 دن بعد ایک موجودہ وزیراعلیٰ اور نیشنل پارٹی کے کنوینر کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔

اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ آپ پارٹی نے ساؤتھ گروپ سے رقم یا ایڈوانس میں رشوت وصول کی ہو۔ پارٹی کو ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔ ای ڈی کی طرف سے لگائے گئے الزامات کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے۔ ای ڈی کے ایک گواہ مگنتا سرینواس ریڈی اب تیلگو دیشم پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں، وہ اب این ڈی اے کا حصہ ہیں۔