غلطی خواہ کوئی کرے،نان ونفقہ شوہر کی ذمہ داری:ہائی کورٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 30-06-2022
غلطی خواہ کوئی کرے،نان ونفقہ شوہر کی ذمہ داری:ہائی کورٹ
غلطی خواہ کوئی کرے،نان ونفقہ شوہر کی ذمہ داری:ہائی کورٹ

 

 

چنڈی گڑھ: پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ ازدواجی تنازعات میں نان نفقہ کا تعین کرتے ہوئے، عدالت کے لیے یہ معلوم کرنا ضروری نہیں ہے کہ میاں بیوی کے درمیان کون غلط ہے۔ عدالت نان و نفقہ کا تعین کرتے ہوئے میاں بیوی کے جھگڑے کی گہرائی میں جانا ضروری نہیں سمجھتی۔ نفقہ طے کرتے وقت عدالت کو صرف یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ آیا بیوی روزی کمانے سے قاصر ہے اور شوہر کے پاس اس کے لیے کافی ذرائع ہیں۔

عدالت کا یہ بھی موقف ہے کہ اگر شوہر قابل شخص ہے تو اس کا اخلاقی فرض اور ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بیوی اور بچوں کو مناسب کفالت فراہم کرے۔

ہائی کورٹ کے جسٹس سدھیر سہگل نے فرید آباد کے ایک شخص کی طرف سے دائر درخواست کو خارج کرتے ہوئے یہ رائے ظاہر کی ہے۔

اس شخص نے 11 فروری 2021 کو فرید آباد کی فیملی کورٹ کے ذریعے دیے گئے حکم کو چیلنج کیا تھا، جس میں اسے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی بیوی اور نابالغ بیٹے کو ماہانہ پانچ ہزار روپے کفالت ادا کرے۔

درخواست کے مطابق جوڑے کی شادی جون 2010 میں فرید آباد میں ہوئی تھی۔ بیوی کے مطابق شادی کے بعد اس کا شوہر اور گھر والے اسے جہیز کے لیے ہراساں کرتے تھے۔ حاملہ ہونے پر اسے سسرال کے گھر سے نکال دیا گیا۔

بچے کی پیدائش اس کے آبائی گھر پر ہوئی اور صلح کے بعد وہ درخواست گزار (شوہر) کے پاس واپس آگئی لیکن اس کے باوجود سسرال والوں کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور جنوری 2011 میں اسے دوبارہ سسرال سے نکال دیا گیا۔ 

معاملہ فیملی کورٹ میں گیا تو عدالت نے شوہر کو حکم دیا کہ وہ بیوی اور نابالغ بیٹے کو ماہانہ پانچ ہزار روپے بھتہ ادا کرے۔ ان احکامات کے خلاف شوہر نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

شوہر نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی اس کے بھائی سے حاملہ ہوئی ہے اور وہ بچے کا بایولوجیکل باپ وہی ہے۔ شوہر نے بچے کی ولدیت سے انکار کر دیا۔ شوہر نے عدالت کو بتایا کہ اس کی بیوی اس کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں ہے۔

بیوی نے الزام لگایا تھا کہ وہ نامرد ہے۔ اس نے ایک سرکاری ہسپتال میں اپنا معائنہ کرایا اور پتہ چلا کہ وہ نامرد نہیں ہے۔

ہائی کورٹ نے شوہر کی درخواست خارج کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہم یہ فیصلہ نہیں کر رہے کہ کون صحیح ہے اور کون غلط، کفالت ادا کرنا شوہر کا اخلاقی فرض اور ذمہ داری ہے۔