مودی اور راہل گاندھی کو الیکشن کمیشن کا نوٹس

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-04-2024
مودی اور راہل گاندھی کو الیکشن کمیشن کا نوٹس
مودی اور راہل گاندھی کو الیکشن کمیشن کا نوٹس

 

نئی دہلی/ آواز دی وائس
الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں نے پارٹی پر مذہب، ذات پات، برادری یا زبان کی بنیاد پر نفرت اور تقسیم پیدا کرنے کا الزام لگایا۔ ای سی آئی نے 29 اپریل کی صبح 11 بجے تک جواب طلب کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 77 کا اطلاق کیا اور کہا کہ پارٹی صدور کو اسٹار مہم چلانے والوں کے رویے کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن نے بی جے پی صدر جے پی نڈا اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سے کہا ہے کہ وہ 29 اپریل کو صبح 11 بجے تک وزیر اعظم نریندر مودی اور راہل گاندھی کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی کے ایم سی سی کے الزامات کا جواب دیں۔ کمیشن نے کہا کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگوں کی انتخابی تقاریر کا اثر زیادہ سنگین ہوتا ہے۔
پی ایم مودی کے خلاف شکایت
پی ایم مودی نے 21 اپریل کو راجستھان کے بانسواڑہ میں کہا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ لوگوں کی جائیداد ان لوگوں میں تقسیم کرے گی جن کے زیادہ بچے ہیں۔ ساتھ ہی پی ایم مودی نے کہا تھا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں لکھا ہے کہ حکومت بنانے کے بعد ہم ماؤں بہنوں کے سونے کا حساب لیں گے اور اس کی معلومات لیں گے۔ یہی نہیں، پی ایم نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے اس تبصرہ کا بھی ذکر کیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک کے وسائل پر اقلیتوں کا پہلا حق ہے۔ کانگریس نے پی ایم مودی کے اس تبصرہ پر الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا۔
بی جے پی نے راہل گاندھی کے خلاف شکایت درج کرائی
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف اپنی ریلیوں میں زبان اور الفاظ کے استعمال پر الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ بی جے پی نے الزام لگایا تھا کہ راہل گاندھی نے تمل ناڈو میں زبان کی بنیاد پر لوگوں میں الجھن پھیلانے کی کوشش کی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ راہل گاندھی اپنی تقریروں میں زبان کی بنیاد پر شمالی اور جنوبی ہندوستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی تحریری شکایت میں راہل گاندھی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔