دلی کا موسم ۔ جانیے اگلے دو دنوں کا حال

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-04-2024
دہلی این سی آر میں ہلکی بارش سے گرمی سے راحت ملی، جانیں اگلے دو دنوں میں کیسا رہے گا موسم
دہلی این سی آر میں ہلکی بارش سے گرمی سے راحت ملی، جانیں اگلے دو دنوں میں کیسا رہے گا موسم

 

نئی دہلی  :دہلی این سی آر میں موسم کی اچانک تبدیلی سے عام لوگوں کو راحت ملی ہے۔ تیز ہواؤں اور گہرے بادلوں کے بعد ہلکی بارش نے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑادی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے مقابلے شام کے وقت ہونے والی بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ نے یہ بھی جانکاری دی ہے کہ مستقبل میں موسم کیسا رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کو بھی تیز ہواؤں کے ساتھ دن ابر آلود رہ سکتا ہے۔ درجہ حرارت میں کمی کا بھی امکان ہے۔

'تیز ہواؤں سے خود کو بچائیں'

محکمہ موسمیات نے اس دوران ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تیز ہوائیں درختوں کے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان سے کھڑی فصلوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اور یہ انتباہ کیا گیا ہے کہ کمزور اور جھاڑیوں والے مکانات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے عام شہریوں کو پوری طرح محتاط رہنا چاہیے۔ آئی ایم ڈی نے اپنی ایڈوائزری میں کہا، "عام لوگوں کو گھر کے اندر رہنا چاہیے۔ کھڑکیوں اور دروازوں کو محفوظ رکھیں اور غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کریں۔ درختوں اور کمزور گھروں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔"

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج رات بھی اگلے دو گھنٹوں کے اندر پوری دہلی اور این سی آر کے آس پاس کے علاقوں میں 40 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مٹی کا طوفان، بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل اور پرسوں موسم میں تبدیلی آسکتی ہے اور عام لوگوں کو گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ دہلی میں بارش کے بعد گرمی سے کافی راحت ملی ہے۔ 15 اپریل سے گرمی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

دہلی کے علاوہ راجستھان، ہریانہ اور پڑوسی ریاستوں میں بھی موسم بدل گیا ہے۔ ہریانہ کے پنچوکلا اور فتح آباد علاقوں میں بھی بارش دیکھی گئی ہے۔