دہلی-این سی آر : بارش کے امکانات، آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-07-2024
دہلی-این سی آر :  بارش کے امکانات، آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ
دہلی-این سی آر : بارش کے امکانات، آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ

 

نئی دہلی/ آواز دی وائس
اگلے چار دن اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں مشکل ہو سکتے ہیں۔ ان چار دنوں میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں سیلاب اور طوفان کا بھی خطرہ ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ ان دو ریاستوں کے علاوہ محکمہ موسمیات نے 18 دیگر ریاستوں میں بھی درمیانی سے بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے اس الرٹ کے پیش نظر، خاص طور پر اتراکھنڈ کے کماؤن اور گڑھوال ڈویژنوں میں، ڈیزاسٹر ریلیف ٹیموں کے ساتھ ساتھ پولیس اور انتظامیہ کو چوکنا رہنے کو کہا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان دونوں ڈویژنوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ہیں۔ اس کے علاوہ دریاؤں میں پانی میں اچانک تیزی سے اضافے سے سیلاب کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان دونوں اضلاع کے ساتھ ساتھ دہرادون میں بھی متعلقہ افسران اور ملازمین کی چھٹیاں 30 ستمبر تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح اتر پردیش کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔
دہلی این سی آر میں بھی بارش کا الرٹ
خاص طور پر جمعہ اور ہفتہ کو ہلکی سے تیز بارش ہو سکتی ہے۔ جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ طوفان کا امکان ہے۔ اس کا اثر دہلی این سی آر پر بھی پڑے گا۔ یہاں بھی اگلے چار دنوں تک ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ بعض مقامات پر تیز بارش کا بھی امکان ہے۔
۔18 ریاستوں میں ڈیزاسٹر ریلیف ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔
آئی ایم ڈی حکام کے مطابق جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان اور مظفرآباد کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، دہلی اور چندی گڑھ میں بھی موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، سکم، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ اس بارش کے پیش نظر متعلقہ ریاستوں کے متاثرہ علاقوں میں حکام اور ڈیزاسٹر ریلیف ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔