دہلی جل بورڈ کے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے:سکسینہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-09-2022
دہلی جل بورڈ کے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے:سکسینہ
دہلی جل بورڈ کے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے:سکسینہ

 

 

نئی دہلی : دہلی جل بورڈ میں 20 کروڑ کے غلط استعمال کے الزامات لگے ہیں۔ اس سلسلے میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے چیف سکریٹری کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔


 دہلی کے ایل جی نے اس معاملے میں 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ایل جی نے کہا ہے کہ رقم کے غلط استعمال میں ملوث افسران کی نشاندہی کی جائے اور ان کا احتساب کیا جائے۔

 

ایل جی کے اس حکم پر دہلی حکومت یا دہلی جل بورڈ (ڈی جی بی) کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

 

 انڈیا ٹوڈے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ معاملہ پہلی بار 2019 میں سامنے آیا تھا۔ اس وقت یہ الزام تھا کہ صارفین سے 20 کروڑ روپے پانی کے بل کے طور پر لیے گئے تھے لیکن یہ رقم دہلی جل بورڈ کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں کی گئی۔

 

 

الزام کے مطابق اس گھوٹالے میں بینک کے کچھ ملازمین بھی ملوث ہیں۔ایف آئی آر کا حکم دینے کے ساتھ، ایل جی ونے سکسینہ نے حکام سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد رقم کی وصولی کو یقینی بنائیں۔

 

 

 

اہم بات یہ ہے کہ اس سے پہلے لیفٹیننٹ گورنر نے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) اور ایکسائز پالیسی کے بارے میں بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ دراصل دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی طرف سے 1000 لو فلور بسوں کی خریداری میں مبینہ دھاندلی کا الزام ہے۔ جس کے لیے ایل جی نے شکایت کو سی بی آئی کو بھیجنے کی تجویز کو منظوری دے دی تھی۔

 

 

 

ستمبر میں ہی ایل جی نے اروند کیجریوال حکومت کے زیر انتظام اسکولوں میں مہمان اساتذہ کی تقرری میں اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی میں رقم کے غلط استعمال کے الزامات کی محکمانہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

 

آپ کو بتاتے چلیں کہ کیجریوال حکومت اور دہلی ایل جی کے درمیان رسہ کشی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ایل جی نے اب تک کئی معاملات میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ایسے میں اب دہلی جل بورڈ میں ایف آئی آر درج کرنے کے حکم کے بعد مانا جا رہا ہے کہ ایک بار پھر دونوں کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔