عمر خالد کی ضمانت پر سماعت ملتوی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-07-2022
 عمر خالد کی ضمانت پر سماعت ملتوی
عمر خالد کی ضمانت پر سماعت ملتوی

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

دہلی ہائی کورٹ نےپیرکوشمال مشرقی دہلی تشدد کیس میں عمرخالد کی ضمانت کی درخواست پرسماعت ان کے وکیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملتوی کر دی۔ان کے وکیل ایڈوکیٹ تردیپ پیس ان دنوں کورونا وائرس سے متاثرہیں۔

خیال رہے کہ اپریل میں عمر خالد کی جانب سے کورٹ کے ضمانت سے انکار پر ایک عرضی داخل کی گئی تھی۔

آج جسٹس سدھارتھ مردول کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔اب اس معاملے کی سماعت 27 جولائی 2022 کو ہوگی۔اس معاملے کی سماعت آج دوپہر 2:15 بجے ہونی تھی۔

کرکڑ ڈوما کورٹ نے مارچ 2022 میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے سابق طالب علم عمر خالد کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔ ان پردہلی پولیس نےغیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کیا تھااوراسے13ستمبر2020 کوگرفتارکیا گیا تھا۔

30 مئی2022 کوپچھلی سماعت پرعمرخالد کی ضمانت کی درخواست پرسماعت کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ امراوتی تقریر کا ذائقہ خراب تھا، لیکن اس سے ان کی تقریر دہشت گردانہ سرگرمی نہیں بنتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہم اسے اچھی طرح سمجھتےہیں۔ ہم مقدمہ چلانے کا موقع دیں گے۔

یہ تقریر مبینہ طور پر عمرخالد نے 17 فروری 2020 کو امراوتی میں دی تھی۔ جسٹس سدھارتھ مردول نے کہا تھا کہ اگر استغاثہ کا معاملہ اس بنیاد پر ہے کہ تقریر کتنی جارحانہ تھی، تو یہ بذات خود کوئی جرم نہیں بنتا، ہم انہیں موقع دیں گے۔

بنچ نے مزید کہا کہ یہ ہتک عزت کے مترادف ہو سکتا ہےلیکن یہ دہشت گردانہ سرگرمی کے مترادف نہیں ہے۔ اس سے قبل اپریل2022میں سماعت کے دوران بنچ نے تقریر کو جارحانہ اور ناگوار قرار دیا تھا۔

تاہم سینئر وکیل تردیپ پیس نے دلیل دی تھی کہ چارج شیٹ میں الزامات کے لیے کوئی مواد اوربنیاد موجود نہیں ہے اور یہ صرف افواہوں پر مبنی ہے۔ گذشتہ 23 مئی 2022 کو ایک سماعت کے دوران انہوں نے یہ دلیل دی تھی کہ شرجیل امام نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف ایک سیکولر تحریک پر تنقید کی تھی جب کہ عمر خالد اس سے متفق نہیں تھے۔

تردیپ پیس نے کہا تھا کہ عمرخالد کو ایک ایسے شخص کے ساتھ پھنسایا جا رہا ہے جو سی اے اے کے خلاف گہرے فرقہ وارانہ احتجاج کا حصہ تھا۔

یہ معاملہ فروری2020 کےشمال مشرقی دہلی فسادات کی بڑی سازش سے متعلق ہے۔ ان فسادات میں 53 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔