مہنگائی اور بے روزگاری پر کانگریس کا ہلہ بول، 5 اگست کو پی ایم کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کا اعلان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 31-07-2022
مہنگائی اور بے روزگاری پر کانگریس کا ہلہ بول، 5 اگست کو پی ایم کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کا اعلان
مہنگائی اور بے روزگاری پر کانگریس کا ہلہ بول، 5 اگست کو پی ایم کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کا اعلان

 

 

نیو دہلی : کانگریس پارٹی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملے پر مودی حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ کانگریس پارٹی اس معاملے پر 5 اگست کو ملک گیر زبردست احتجاج کرے گی۔ دہلی میں پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ان مسائل پر اپنا احتجاج درج کرائیں گے اور ’’چلو راشٹرپتی بھون‘‘ کے نام سے یہ احتجاج پارلیمنٹ سے شروع ہوگا۔

اس دن سی ڈبلیو سی ممبران اور پارٹی کے سینئر لیڈر بھی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کریں گے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی زیادہ جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 5 اگست کو کانگریس پارٹی ریاستی دارالحکومت میں راج بھون کا بھی گھیراؤ کرے گی۔ اس احتجاج کے دوران ایم ایل اے، ایم ایل سی، سابق ایم پی اور سینئر لیڈروں سے پارٹی کی جانب سے راج بھون کے گھیراؤ میں شامل ہونے کو کہا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین سے کہا گیا ہے کہ وہ 'چلو راشٹرپتی بھون' کے نام پر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کریں۔ ساتھ ہی اسی دن پی ایم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کا بھی منصوبہ ہے اور اس دوران کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر بھی موجود رہیں گے۔ پچھلے کچھ عرصے سے کانگریس پارٹی مہنگائی اور بے روزگاری کا مسئلہ زور و شور سے اٹھا رہی ہے

کانگریس لیڈر راہل گاندھی مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملے پر اکثر پی ایم مودی اور بی جے پی کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ دو دن پہلے بھی انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بنایا تھا اور ٹویٹ کیا تھا، "22 کروڑ نوجوان، 8 سالوں میں سرکاری نوکریوں کے لیے قطار میں لگے ہوئے، 7.22 لاکھ کو نوکری ملی، یعنی 1000 میں سے صرف 3۔ راجہ جب بے روزگاری پر سوال پوچھتا ہے تو ناراض ہو جاتا ہے۔ سچ یہ ہے کہ روزگار فراہم کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔ نوجوان ملک کا 'اثاثہ' ہیں، بی جے پی انھیں 'لائبلٹی' دکھا رہی ہے۔ راہل گاندھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ پر مودی حکومت کو لگاتار گھیر رہے ہیں۔