پی ایف آئی پر ملک میں پابندی لگائی جائے: ہمانتا بسوا سرما

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-09-2022
پی ایف آئی پر ملک میں پابندی لگائی جائے: ہمانتا بسوا سرما
پی ایف آئی پر ملک میں پابندی لگائی جائے: ہمانتا بسوا سرما

 

 

گوہاٹی: ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت مرکز سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا(PFI) پر پابندی لگانے کے لیے مسلسل کہہ رہی ہے۔

ہمانتا بسوا سرما  نے کہا ہمیں یقین ہے کہ اس تنظیم پر پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے۔

سرما کا کہنا ہے کہ پی ایف آئی مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے ایک ماحولیاتی نظام بنا رہی ہے اور ان کی حکومت مرکز سے اس تنظیم پر پابندی لگانے کی درخواست کر رہی ہے۔

ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ ریاستی پولیس نے تنظیم کے خلاف ملک گیر کارروائی کے تحت اب تک پی ایف آئی کے 11 کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا آسام حکومت مرکز سے پی ایف آئی پر پابندی لگانے کے لیے کہہ رہی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ تنظیم پر پابندی ضرور لگائی جائے گی۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکز کو اس تنظیم کے بارے میں مطلع کیا ہے۔

بتا دیں کہ جمعرات کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ایک ساتھ پندرہ ریاستوں میں پی ایف آئی کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔ اس کارروائی میں پی ایف آئی کے 106 رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا کچھ مدارس اور تنظیم کے ماڈیولز کے درمیان کوئی تعلق تھا۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس ہے کہ پی ایف آئی نے ایک ایکو سسٹم بنایا ہے جو کچھ لوگوں کو داعش اور القاعدہ میں شامل ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔