سندیش کھالی معاملے میں سی بی آئی کے چھاپے، ہتھیار برآمد

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-04-2024
سندیش کھالی معاملے میں سی بی آئی کے چھاپے، ہتھیار برآمد
سندیش کھالی معاملے میں سی بی آئی کے چھاپے، ہتھیار برآمد

 

کولکاتہ: سندیش کھالی معاملے کو لے کر مغربی بنگال میں کئی مقامات پر سی بی آئی کے چھاپے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندیش کھالی میں ای ڈی افسران پر حملے کے ملزم شیخ شاہجہان اور دیگر ملزمان کے کئی مقامات پر سی بی آئی چھاپے مار رہی ہے۔ سی بی آئی کی ٹیم نیم فوجی دستوں کی سخت حفاظت میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس چھاپے میں بڑی تعداد میں ہندوستانی اور غیر ملکی ہتھیار برآمد ہوئے ہیں، جس میں بیرونی ممالک میں بنائے گئے ہتھیاروں کی تعداد زیادہ ہے۔ واضح ہوکہ نئی دہلی: مغربی بنگال حکومت نے سندیش کھالی معاملے پر کلکتہ ہائی کورٹ کے سی بی آئی جانچ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ بنگال حکومت نے کلکتہ ہائی کورٹ کے سی بی آئی تحقیقات کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

سپریم کورٹ اس کیس کی سماعت 29 اپریل کو کرے گی۔ جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ اس کیس کی سماعت کرے گی۔ دراصل کلکتہ ہائی کورٹ نے ممتا حکومت کو زبردست جھٹکا دیا تھا اور سندیش کھالی معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

کلکتہ ہائی کورٹ نے سندیش کھالی واقعہ کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ اس تحقیقات کی نگرانی کلکتہ ہائی کورٹ خود کرے گی۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے سندیش کھالی میں عصمت دری اور زمین پر قبضے کے الزامات کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے سندیش کھالی، بنگال میں جبراً زمین پر قبضے اور جنسی ہراسانی کے الزامات کی جانچ سی بی آئی کرے گی۔