بہار کابینہ توسیع:تیج پرتاپ، آفاق، زماں خان،اسرائیل، شاہنواز بھی وزیروں میں شامل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-08-2022
بہار کابینہ توسیع:تیج پرتاپ، آفاق عالم، زماں خان بھی وزیروں میں شامل
بہار کابینہ توسیع:تیج پرتاپ، آفاق عالم، زماں خان بھی وزیروں میں شامل

 

 

پٹنہ: بہار میں آر جے ڈی اور جے ڈی یو کی نئی حکومت کی پہلی کابینہ کی توسیع کی گئی ہے۔ نتیش کمار نے گزشتہ دنوں این ڈی اے سے علاحدگی اختیار کر کے مہاگٹھبندھن میں شمولیت اختیار کی تھی اس کے بعد انھوں نے وزیراعلیٰ اور آرجے ڈی کے تجسوی یادو نے نائب وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔

آج راج بھون میں منعقدہ تقریب میں ان کے وزیروں نے حلف لیا۔ گورنر فگو چوہان نے سب سے پہلے 5 ایم ایل اے کو وزرت کا حلف دلایا۔ لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ کو ایک بار پھر وزیر کا عہدہ ملا ہے۔

بہار کی کابینہ میں کل 31 ایم ایل ایز نے حلف لیا ہے۔ جن میں سے آر جے ڈی کے 16، جے ڈی یو کے 11، کانگریس کے دو، ہم سے ایک اور ایک آزاد ایم ایل اے نے حلف لیا۔ کابینہ میں توسیع کے بعد بہار کے سی ایم نتیش کمار نے کہا کہ جلد ہی محکموں کو تقسیم کیا جائے گا۔ میں آج ایک بار پھر پوری کابینہ کی میٹنگ کروں گا۔ ۔

اس کے علاوہ اشوک چودھری، شراون کمار اور لسی سنگھ کو بھی وزیر بنایا گیا ہے۔ جن لوگوں کو وزیر بنایا گیا ہے ان کے نام اس طرح ہیں۔ وجے کمار چودھری-(جے ڈی یو)۔ وجیندر یادو-(جے ڈی یو)۔ آلوک مہتا - (آر جے ڈی) تیج پرتاپ یادو - (آر جے ڈی) آفاق عالم‘ (کانگریس) اشوک چودھری-(جے ڈی یو) شراون کمار-(جے ڈی یو) لسی سنگھ - (جے ڈی یو) سریندر یادو-(آر جے ڈی) رامانند یادو-(آر جے ڈی) زمان خان-(جے ڈی یو) مدن ساہنی-(جے ڈی یو) سنجے جھا-(جے ڈی یو) للت یادو-(آر جے ڈی) سنتوش مانجھی - (ہم) سروجیت کمار-(آر جے ڈی) سمیت کمار (آزاد) شیلا منڈل (جے ڈی یو) چندر شیکھر یادو (آر جے ڈی) سمیر مہاسٹھ (آر جے ڈی) سنیل کمار (جے ڈی یو) انیتا دیوی (آر جے ڈی) جتیندر رائے (آر جے ڈی) سدھاکر سنگھ (آر جے ڈی) جینت راج (جے ڈی یو)۔اسرائیل منصوری (آر جے ڈی) سریندر رام (آر جے ڈی) کارتک سنگھ (آر جے ڈی) شاہنواز عالم (آر جے ڈی) مراری گوتم (کانگریس) بھارت بھوشن منڈل (آر جے ڈی) ۔

حلف لینے والے سنتوش مانجھی،جیتن رام مانجھی کے بیٹے ہیں۔ وجے کمار چودھری جے ڈی یو سے وزیر بن گئے ہیں۔ چوہدری سابق حکومت میں وزیر تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔ بجیندر یادو نے بھی حلف لیا ہے۔ وہ سپول سے ایم ایل اے ہیں۔

آلوک مہتا اجیار پور سے رکن پارلیمنٹ اور بہار حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ آلوک مہتا کے خلاف 3 مجرمانہ مقدمات درج ہیں اور وہ 7.36 کروڑ کی جائیداد کے مالک ہیں۔ اس کے علاوہ لالو یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔

تیج پرتاپ نے 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس 2.83 کروڑ کے اثاثے ہیں۔ آفاق عالم کانگریس کے کوٹے سے وزیر بنائے گئے ہیں۔ آفاق ضلع پورنیہ کی قصبہ سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ ان کے پاس تقریباً 9 لاکھ مالیت کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ہیں۔ وہ قصبہ سیٹ سے چار بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔

واضح ہوکہ بہار میں نتیش کمار نے 9 اگست کو نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد انہوں نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد میں انہیں آر جے ڈی، کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نے اپنا لیڈر منتخب کیا۔ اس کے بعد وہ گورنر کے پاس گئے اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں ساتھی پارٹیوں کے 164 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام ماجھی کے ہندوستانی عوامی مورچہ نے بھی نتیش کمار کی حمایت کی ہے۔ اس کے چار ایم ایل اے ہیں۔ نتیش کمار اور تیجسوی یادو نے 10 اگست کو وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا۔