کھرگے اور بھوپیش بگھیل بھارت جوڑو یاترا میں شامل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-10-2022
کھرگے اور بھوپیش بگھیل  بھارت جوڑو یاترا میں شامل
کھرگے اور بھوپیش بگھیل بھارت جوڑو یاترا میں شامل

 


نئی دہلی:کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کا آج 38 واں دن ہے اور یاترا کا 1000 کلومیٹر کا سفر مکمل ہونے کو ہے۔ ہفتہ کو، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی یاترا کے 1000 کلومیٹر مکمل ہونے پر بیلاری، کرناٹک میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے ۔  اس ریلی میں راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل بھی شرکت کریں گے۔

 کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمارنےکہا کہ بیلاری کے میونسپل کارپوریشن گراؤنڈ میں ہونے والی ریلی میں 3 لاکھ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے۔  کانگریس کے صدارتی امیدوار ملکارجن کھرگے بھی ہفتہ کے روزاس دورے کے دوران راہول گاندھی کے ساتھ نظر آئے۔  اس دوران بھوپیش بگھیل بھی راہل گاندھی کے ساتھ پد یاترا میں چل رہے تھے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے 37 ویں دن جمعہ کی شام آندھرا پردیش کے اننت پورم ضلع کے کچھ گاؤں میں پیدل سفر کیا۔  راہول گاندھی کا آندھرا پردیش کانگریس صدر ساکے سلجاناتھ، کارگزار صدر این تلسی ریڈی، سابق وزیر این رگھوویرا ریڈی اور دیگر سینئر قائدین نے پرتپاک استقبال کیا۔  راہول پڑوسی ریاست کرناٹک کے ڈی ہیرے ہال منڈل کی جانب سے کنوکپا گاؤں میں داخل ہوئے۔

راہول گاندھی کرناٹک کی سرحد پر آندھرا پردیش میں پڑنے والے جاجرکلو، مدناہلی، لکشمی پورم، ڈی ہیرےہل اور اوبولا پورم گاؤں سے گزرے۔ اوبولا پورم چیک پوسٹ سے راہول گاندھی رات کے قیام کے لیے بیلاری، کرناٹک واپس آئے۔  جے رام رمیش نے کہا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے میدان بنائے گی ۔

راہول گاندھی نے جمعہ کو ٹوئٹ کرکے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا اور حکومت سے کچھ سوالات پوچھے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ مہنگائی 35 سال کی بلند ترین سطح پر کیوں ہے؟ بے روزگاری 45 سال کی بلند ترین سطح پر کیوں ہے؟ پراٹھے پر 18 فیصد جی ایس ٹی کیوں لگایا جا رہا ہے؟ زرعی ٹریکٹروں پرجی ایس ٹی 12 فیصد کیوں لگایا جا رہا ہے؟ بھارت جوڈو یاترا آپ سے یہ اور بہت سے سوالات پوچھتی رہے گی، وزیر اعظم۔ آپ کو جواب دینا ہوگا۔