ایودھیا:رام مندرمیں کب ہوگی مورتی کی تنصیب؟ تاریخ آئی سامنے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2023
ایودھیا:رام مندرمیں کب ہوگی مورتی کی تنصیب؟ تاریخ آئی سامنے
ایودھیا:رام مندرمیں کب ہوگی مورتی کی تنصیب؟ تاریخ آئی سامنے

 

نئی دہلی: ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر کا کام تیزی سے ہو رہا ہے۔ اس کو لے کر رام کے بھکتوں میں بھی تجسس بڑھتا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، اتر پردیش حکومت کے مالیات اور پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ نے بتایا ہے کہ 22 جنوری 2024 کو رام مندر کے گربھ گرہ میں رام للا کی پران پرتشٹھا یا تنصیب کی جائے گی۔

رام مندر تعمیر کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ جمعہ کو شروع ہوئی، اس کے بعد ہی یوپی کے وزیر کا ٹوئٹ منظر عام پر آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رام مندر میں رام للا کی پرانی اور نئی دونوں مورتیوں کو نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔ رام للا کی پران پرتشٹھا 22 جنوری 2024 کو ایودھیا میں رام مندر کے مقدس مقام میں ہوگی۔

مقدس مقام کو اس طرح بنایا جا رہا ہے کہ رام نومی کے دن سورج کی کرنیں رام للا کی مورتی پر پڑتی رہیں۔ اس دن سورج کی کرنیں رام للا کی پیشانی پر پانچ منٹ تک رہیں گی۔ اسے سوریہ تلک کہتے ہیں۔ قبل ازیں، رام مندر کی تعمیر اور انتظام کے لیے قائم کردہ 'شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا' کے خزانچی سوامی گووند دیو گری مہاراج نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی زیر تعمیر مندر میں بھگوان رام للا کی مورتی نصب کریں گے۔

جنوری کے مہینے میں شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا ٹرسٹ نے بتایا تھا کہ مندر کی تعمیر کا 60 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے۔ مندر میں 166 ستون لگائے جا رہے ہیں۔ اس میں سنگھ دوار، نرتیہ منڈپ، رنگ منڈپ، گڑ منڈپ اور کیرتن منڈپ بھگوان کے مقدس مقام کے ساتھ بنائے جا رہے ہیں۔

شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے بتایا کہ رام مندر کے لیے آنے والے عطیات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور مستقبل قریب میں تروپتی بالاجی مندر کی طرز پر انتظامات کرنے ہوں گے۔ بالاجی مندر کے سینکڑوں ملازمین روزانہ چندہ کی شکل میں آنے والی رقم کو گنتے ہیں۔