دہلی میں بندتمام مساجدکو کھولا جائے:جمعیۃ علماء ہند

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-06-2022
دہلی میں بندتمام مساجدکو کھولا جائے:جمعیۃ علماء ہند
دہلی میں بندتمام مساجدکو کھولا جائے:جمعیۃ علماء ہند

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

جمعیۃ علماء صوبہ دہلی نے دہلی میں آثار قدیمہ کے تحت بند پڑی تمام مساجد کو نمازیوں کے لئے کھولا جائے اور انکو بے حرمتی سے بچایا جائے نیز ان کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ 

جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کی مجلس عاملہ کی میٹنگ مولانامحمدمسلم قاسمی صدر جمعیۃ دہلی کی زیرصدارت مدرسہ عالیہ عربیہ مسجد فتحپوری چاندنی چوک میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز قاری محمد ساجد فیضی ناظم جمعیۃ علماء دھلی کی تلاوت قرآن پاک اور مولانا جمیل اختر قاسمی ناظم ضلع شمال مشرقی دھلی کے نعتیہ کلام سے ہوا۔

میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مفتی عبد الرازق مظاہری ناظم اعلیٰ جمعیۃعلماء دہلی نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات انتہائی تشویشناک اور روز بروز خراب سے خراب تر ہوتے جاررہے فرقہ پرست طاقتیں ملک میں ہر دن ایک نیا مسئلہ کھڑا کر نفرت اور تعصب کو نہ صرف بڑھاوا دے رہی ہیں بلکہ ملک کے امن و امان کو آگ لگا کر تباہی کی طرف لے جا رہی ہیں۔

حیلے اوربہانوں سے مساجد نیز مسلم اقلیتوں کی جان ومال کو تباہ کیا جارہا ہے حکومت کی خاموشی فرقہ پرستوں کے حوصلوں کو بڑھاوادےرہی ہے جبکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی اکثریت اور اقلیت کے ساتھ یکسا سلوک کیا جائے1991 میں پارلیمنٹ سے منظور شدہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے تمام عبادت گاہوں خاص طور پر مساجد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

حضور صلعم کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں کی دل آزاری اور امن و امان کو غارت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

دہلی میں آثار قدیمہ کے تحت بند پڑی تمام مساجد کو نمازیوں کے لئے کھولا جائے اور انکو بے حرمتی سے بچایا جائے نیز انکو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ 

میٹنگ میں تمام اضلاع کے ذمہ داران کو ہدایات دیں گئی کہ اپنے اپنے علاقوں میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے قومی یکجہتی کے پروگرام منعقد کئے جائیں اور برادران وطن کے ذہنوں سے غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے اسلام کی صحیح تصویر پیش کی جائے۔

امت مسلمہ میں پھیلی ہوئی مختلف طرح کی برائیوں کو دور کرنے کیلئے خاص طور پر خواتین کے لئے اصلاح معاشرہ کے پروگرام منعقد کئے جائیں.

حالات کے پیش نظر صبر و تحمل اور حکمت عملی کے ساتھ سیرت نبوی اور اکابر جمعیتۃ علماء ہند بطور خاص صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایات پر عمل کیا جائے ۔

میٹنگ میں امیر شریعت متحدہ پنجاب مولانا محمد اسحاق اتاوڑ نوح کے سانحۂ انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا اور ایصال ثواب کیا گیا ۔

میٹنگ کے اہم شرکاء میں مولانا محمد فرقان قاسمی خازن دہلی، مولانا عبدالحنان قاسمی نائب صدر دہلی، مولانا محمد عمر قاسمی نائب صدر، مفتی نظام الدین قاسمی نائب صدر، مفتی اسرارالحق مظاہری ناظم، مولانا محمد عرفان قاسمی ناظم ،مولانا عبداللہ ناظم، مفتی محمد عیاض مظاہری شاستری پارک، مفتی کفیل الرحمٰن جھارکھنڈی شاہدرہ، چودھری محمد اسلام لکشمی نگر، مولانا محمد راشد قاسمی اوکھلا، مولانا انتظار حسین مظاہری قصاب پورہ، مفتی محمد شمیم قاسمی قصاب پورہ، مفتی محمد مستقیم قاسمی اوکھلا، قاری اسرارالحق قاسمی فتح پوری، مولانا محمود احمد قاسمی گووند پوری، مولانا محمد یحییٰ ارسلانی اتم نگر،مولانا عبدالرزاق خان پور ،مولانا محمد راشد حوض رانی، الحاج سلیم رحمانی ویلکم ،حافظ محمد رئیس اتم نگر،مولانا محمد ایوب بوانہ، حافظ محمد یاسین نریلا، حافظ محمد یامین نہال وہار، مولانا محمد قربان نہال وہار، حافظ محمد الطاف اوکھلا وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔