ہندوستان کو پاکستانی ستاروں پر سے پابندی ہٹانی چاہیئے: ممتاز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-04-2024
ہندوستان کو پاکستانی ستاروں پر سے پابندی ہٹانی چاہیئے: ممتاز
ہندوستان کو پاکستانی ستاروں پر سے پابندی ہٹانی چاہیئے: ممتاز

 

ممبئی/ آواز دی وائس
ہندوستان کو پاکستانی فنکاروں کی فلمی دنیا میں کام کرنے کی راہوں کو دوبارہ کھول دینا چاہیے ،موجودہ پابندی کو ختم کیا جانا چاہیے، تاکہ پاکستان کے فنکار بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں ۔ یہ مشورہ ممتاز اداکارہ  ممتاز  نے دیا ہے جو حال ہی میں پاکستان کے دورے پر گئی تھیں ۔چند روز قبل معروف اداکارہ کی دورہ پاکستان کی تصاویر سامنے آئی تھیں۔ ممتاز نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر اپنے پاکستان ٹور کی بہت سی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ جس میں وہ راحت فتح علی خان، فواد خان جیسے کئی پاکستانی فنکاروں کے ساتھ نظر آئیں۔ اب ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں پاکستانی اسٹارز پر سے پابندی ہٹائی جائے، انہیں یہاں آکر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملنا چاہیے۔
ممتاز نے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی محبت، اتنی محبت، اتنے لنچ اور ڈنر اور بہت سارے تحائف۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہاں کے لوگ مجھ سے اتنا پیار کرتے ہیں جتنا یہاں کے لوگ۔ لوگ مجھے سڑک پر پہچانتے تھے۔ میں آج بھی وہی ممتاز لگ رہی ہوں۔ میں اتنی بھی نہیں بدلی۔ میں جہاں بھی جاتی ہوں لوگ مجھے پہچانتے ہیں۔ یہ اللہ کا کرم ہے اور کچھ نہیں۔
ممتاز نے بتایا کہ راحت فتح علی خان اور فواد خان نے ان کی بہت اچھی میزبانی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی لیکن انہوں نے ممتاز کے لیے گانا گایا۔ جب ہم راحت صاحب سے ملے تو ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی لیکن انہیں میرے لیے گانا گانے کو کہا گیا اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔ مجھے ایسا لگا جیسے میں اب بھی ممتاز ہوں۔
اس کے ساتھ ہی ممتاز نے بتایا کہ فواد خان نے ان کے لیے پورا ریسٹورنٹ بک کروایا تھا اور وہ اپنے بچے اور بیوی کے ساتھ ان سے ملنے آئے تھے۔ ممتاز نے کہا کہ وہ ہم سے مختلف نہیں ہیں، میں جہاں بھی گئی لوگ مجھے اور میری بہن سے ملنے آئے۔ ہمیں پیار اور تحفہ دیا۔ ایک فنکار اس سے زیادہ کیا چاہ سکتا ہے؟ وہ میری ہر فلم کو جانتے تھے، میرے تمام گانے جانتے تھے۔
پاکستانی اسٹارز کو ہندوستان میں موقع ملنا چاہیے۔
ممتاز نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان آکر کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ ان کے پاس ٹیلنٹ ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ممبئی کی ہماری فلم انڈسٹری میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں تاہم انہیں بھی موقع ملنا چاہیے۔