اے ایم یو کے دو طلباء نے ڈاڈ اسکالرشپ حاصل کی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-04-2024
اے ایم یو کے دو طلباء نے ڈاڈ اسکالرشپ حاصل کی
اے ایم یو کے دو طلباء نے ڈاڈ اسکالرشپ حاصل کی

 

علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے غیر ملکی زبانوں کے شعبہ میں زیر تعلیم جرمن اسٹڈیز سیکشن کے دو طلباء نے جرمنی کی مؤقر ڈاڈ اسکالرشپ حاصل کی ہے، جس سے وہ 2024 میں جرمنی میں سمر کورسز میں حصہ لے سکیں گے۔ اس اسکالرشپ کے لئے مطلوبہ ٹسٹ اے ایم یو کیمپس میں ہی ہوا تھا۔

     مسٹر حماد اور محمد شاد علی، جرمن میں ایم اے کررہے ہیں۔ وہ جولائی 2024 میں سمر کورسیز کے لئے جرمنی روانہ ہوں گے۔ 2559 یورو پر مشتمل مذکورہ اسکالرشپ میں ہوائی کرایہ اور ٹیوشن فیس شامل ہے۔ مسٹر حماد برلن میں ٹیکنیکل یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز میں کورس میں حصہ لیں گے، جبکہ مسٹر شاد علی لیبنیز یونیورسٹی، ہنور میں کورس کریں گے۔

    قابل ذکر ہے کہ شعبہ کے جرمن سیکشن نے کوالیفائنگ ٹیسٹ کا اہتمام کرنے کے لیے دہلی میں واقع ڈاڈ دفتر سے اشتراک کیا تھا۔ بریمن، جرمنی کے ڈاڈ لیکچرر ڈاکٹر جان ہیلگے وائیڈمین نے شعبہ میں اس ٹیسٹ کی نگرانی کی۔ جرمن سیکشن کے پانچ طلباء نے ڈاڈ اسکالرشپ کے لیے اہلیت کا امتحان پاس کیا۔

    شعبہ کے چیئرمین اور فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین پروفیسر محمد اظہر نے کہاکہ یہ کامیابی ہمارے طلباء اور اساتذہ کی اہلیت کا مظہر ہے۔ غیر ملکی زبانوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ مجھے یقین ہے کہ اس طرح کی اسکالرشپ ہمارے طلباء کے کریئر کے لئے مفید ثابت ہوگی۔

    جرمن سیکشن کے اسسٹنٹ پروفیسر سید سلمان عباس نے طلباء کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے شعبہ کی تاریخ میں پہلی بار ہے جب طلباء کو ان کے کورس ورک کے حصے کے طور پر اس باوقار اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے۔اس سلسلہ میں انھوں نے جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس (ڈاڈ) کا بھی شکریہ ادا کیا۔