جے این ایم سی میں نادر کارڈیوتھوریسک سرجری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-03-2024
جے این ایم سی میں نادر کارڈیوتھوریسک سرجری
جے این ایم سی میں نادر کارڈیوتھوریسک سرجری

 

علی گڑھ،: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں کارڈیوتھوریسک سرجنوں کی ایک ٹیم نے جو ڈاکٹر محمد اعظم حسین، ڈاکٹر سید شمائل ربانی اور ڈاکٹر غضنفر پر مشتمل تھی، مہاراج گنج کے ایک لڑکے اونی کے دل کا کامیاب آپریشن کیا، جسے پیدائش سے ہی دل کا عارضہ لاحق تھا اور اس کے آکسیجن کی سطح معمول پر نہیں رہتی تھی۔

اوونی کو پہلے وارانسی اور لکھنؤ کے مختلف میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ بعد میں ایمس، نئی دہلی میں جانچ کے دوران پتہ چلا کہ اس کے دل میں سوراخ ہے اور دل سے پھیپھڑے کی نلی بہت تنگ ہے۔ جے این میڈیکل کالج میں انٹرڈپارٹمنٹل پیڈیاٹرک کارڈیئک سنٹر کے نوڈل آفیسر اور پیڈیاٹرک کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر شاد عبقری اور ڈاکٹر معاذ قدوائی نے مریض کو دیکھا اور اسے سرجری کے لئے کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کو ریفر کیا۔ سرجری کے دوران نقائص کو ٹھیک کرنے اور دل میں سوراخ کو بند کرنے کے لئے دل اور پھیپھڑوں کو 180 منٹ تک کے لئے روکا گیا۔

اس دوران دل اور پھیپھڑوں کے افعال کو کلینیکل پرفیوژنسٹ ڈاکٹر صابر علی خان اور مسٹر ارشاد قریشی نے سنبھالا جبکہ اینستھیسیا کی ٹیم میں ڈاکٹر دیپتی چنا، ندا، منیش، سلمان، کامران اور اسلم شامل تھے۔ ڈاکٹر ابھینو، ڈاکٹر شیورام، ڈاکٹر آشا، ڈاکٹر نرمل، ڈاکٹر صدام، ڈاکٹر انیس اور ڈاکٹر اویناش نے نرسنگ ٹیم سہیل الرحمن اور عامر خان کے ساتھ آپریشن سے پہلے اور بعد کی ذمہ داری سنبھالی۔ پروفیسر محمد اعظم حسین، چیئرمین، شعبہ کارڈیو تھوریسک سرجری نے کہا کہ جے این ایم سی اور اے ایم یو کے لئے یہ غیر معمولی سرجری کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ ڈاکٹر شاد عبقری نے کہا کہ مریض کو پیچیدہ بیماری تھی اور ہندوستان میں صرف چند سرکاری مراکز میں ہی اس طرح کی سرجری کرنے کی صلاحیت ہے۔

کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شمائل ربانی نے کہا کہ ڈبل روٹ ٹرانسفر ایک انتہائی پیچیدہ سرجری ہوتی ہے اور ہندوستان میں صرف پانچ چھہ مراکز ہی اس قسم کی سرجری انجام دیتے ہیں۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج میں زندگی کو بچانے والی سرجری باقاعدگی سے کی جارہی ہے اور شعبہ نے پچھلے کچھ برسوں کے دوران پانچ ہزار سے زائد کارڈیوتھوریسک اور ویسکولر سرجری کی ہے۔ میڈیسن فیکلٹی کی ڈین اور جے این ایم سی ایچ کی پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر وینا مہیشوری نے سرجری میں شامل ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے کی کاوشوں کی تعریف کی۔