تلنگانہ: سرکاری اسکول میں بچوں کے داخلے پر والدین کوملیں گے پانچ ہزار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 20-06-2022
تلنگانہ: سرکاری اسکول میں بچوں کے داخلے پر والدین کوملیں گے پانچ ہزار
تلنگانہ: سرکاری اسکول میں بچوں کے داخلے پر والدین کوملیں گے پانچ ہزار

 

 

آواز دی وائس، حیدرآباد

ایک ایسے وقت میں جب والدین اپنے بچوں کے پرائیویٹ اسکولوں میں داخلے کے لیے بھاری فیس سے پریشان ہیں، تلنگانہ کا ایک سرکاری اسکول اپنے بچوں کو داخل کرانے والے والدین کو 5000 روپے کی پیشکش کر رہا ہے۔

میدچل-ملکاج گیری ضلع کے گودھم کنٹا گاؤں میں، عوامی نمائندوں نے مقامی منڈل پریشد پرائمری اسکول میں داخلہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اختراعی آئیڈیا پیش کیا۔

سرپنچ مہیندر ریڈی اور ان کے نائب انجانیولو نے والدین کو اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں بھیجنے کی ترغیب دینے کے لیے پہل کی۔

خیال رہے کہ اس تجویز کا اعلان کرنے کے لیے اسکول کے داخلی دروازے پر ایک بنیرآویزاں کیا گیا ہے۔ یہ اسکول کی نمایاں خصوصیات اور طلباء کے لیے فراہم کردہ سہولیات پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔

عطیہ دہندگان کے تعاون سے اسکول انتظامیہ نے پہلی سے ساتویں جماعت کے بچوں کے لیے تمام سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔

اسکول دو جوڑے یونیفارم، جوتے، موزے، کتابیں، بیگ اور بس پاس بھی مفت فراہم کر رہا ہے۔ طلباء کو ریاستی حکومت کی اسکیم کے تحت دوپہر کا کھانا بھی ملتا ہے۔

بلدیاتی ادارے نے اسکول کے احاطے میں مناسب ہریالی کو یقینی بنایا ہے اور عمارت کوسجایا ہے۔

اسکول تلگو اور انگریزی دونوں میڈیم میں پیش کرتا ہے۔ اس تعلیمی سال سے، ریاستی حکومت نے کلاس 1 سے 7 کے لیے انگریزی کو ذریعہ تعلیم کے طور پر متعارف کرایا۔