جامعہ ملیہ اسلامیہ: سب سے زیادہ مسلم آئی اے ایس دینے والا تعلیمی ادارہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-06-2022
 جامعہ ملیہ اسلامیہ: سب سے زیادہ مسلم آئی اے ایس دینے والا تعلیمی ادارہ
جامعہ ملیہ اسلامیہ: سب سے زیادہ مسلم آئی اے ایس دینے والا تعلیمی ادارہ

 


 ڈاکٹر شجاعت علی قادری،نئی دہلی 

جامعہ میں یو پی ایس سی کی تیاری کے لیے ایک الگ انسٹی ٹیوٹ ہے، جسے ریذیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی کہا جاتا ہے، جس سے اس بار 23 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں اس سال کی ٹاپر شروتی شرما بھی شامل ہیں۔ جامعہ اکیڈمی سے تیاری کے بعد کامیاب ہونے والے طلبہ میں 12 مسلمان ہیں۔ جبکہ اس سال یونین پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کل 25 مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

گزشتہ برسوں کے دوران ہندوستان بھر میں کئی کوچنگ سینٹرز سامنے آئے ہیں جو مسلم امیدواروں کے لیے خصوصی طور پر مفت یا رعایتی کوچنگ پیش کرتے ہیں، جیسے ہمدرد اسٹڈی سرکل، آغاز فاؤنڈیشن، لارکس پور ہاؤس وغیرہ۔ اس سال کے سول سروسز کے نتائج میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا نام بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کوچنگ میں سے ایک ہے، جس کے 23 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں اس سال کی ٹاپر شروتی شرما بھی شامل ہیں، جنہوں نے جامعہ کے آر سی اے سے تیاری کی ہے۔ جامعہ اکیڈمی سے تیاری کے بعد کامیاب ہونے والے طلبہ میں 12 مسلمان ہیں۔

ایک نیوز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ یونیورسٹی کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔ وہ خاص طور پر خوش تھیں کہ 23 کامیاب امیدواروں میں سے نو لڑکیاں تھیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی مرکز کے دیگر طلباء کو بھی متاثر کرے گی اور ان کے اعتماد کی سطح کو بڑھا دے گی۔ انہوں نے ان طلباء کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جو انٹرویو کی سطح پر پہنچنے کے بعد انتخاب سے محروم رہے۔

اس کے علاوہ، مہک جین، جو ایم اے پبلک ایڈمنسٹریشن، شعبہ سیاسیات، جامعہ کی سابق طالبہ ہیں، نے بھی باوقار امتحان پاس کیا اور 17 واں رینک حاصل کیا۔ اس طرح جامعہ کے 23 طلبہ نے نہ صرف پاس کیا بلکہ میرٹ لسٹ میں بہترین مقام حاصل کیا جس میں ٹاپر شروتی کا نام بھی شامل ہے۔

اب تک 270 طلباء جامعہ کوچنگ سےUPSC پاس کر چکے ہیں اور 403 امیدواروں کو مختلف ریاستی پبلک سروس کمیشنز، RBI، CAPFs وغیرہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور پریمیم خدمات میں شامل ہو چکے ہیں۔ اریبہ نعمان  جنہوں نے بطور مسلمان نمبر 1 اور مجموعی رینک میں  کل 685 امیدواروں میں سے 109 نمبر حاصل کیے۔وہ سلطان پور کی رہائشی ہیں۔

اریبہ کے والد نعمان احمد نیشنل انشورنس کمپنی، سلطان پور میں انتظامی افسر ہیں۔ والدہ رخسانہ نخت ایک گھریلو خاتون ہیں اور بہن طوبہ نعمان لکھنؤ میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اریبہ نے بتایا کہ انتظامی میدان میں جانے کی تحریک ان کے ماموں غفران احمد سیفی سے ملی، جو ضلع کے مشہور سماجی کارکن اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر ہیں۔

قومی رینک میں 162 ویں نمبر پر آنے والے ایم بی بی ایس ڈاکٹر سید مصطفیٰ ہاشمی کو چوتھی بار کامیابی مل گئی۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے کووڈ کے دوران تیاری کی تھی۔ ڈاکٹر ہاشمی کنگ کوٹی ہسپتال میں بطور ڈاکٹر بھی کام کر رہے تھے اور سول سروسز کی تیاری بھی کر رہے تھے۔ انہوں نے 2016 میں ایم بی بی ایس اور 2020 میں ایم ڈی مکمل کیا۔ انہوں نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل سے سرجری میں ماسٹرز کیا اور فی الحال ایک جنرل سرجن اور ڈاکٹر کے طور پر انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔

محمد شبیر نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے آر سی اے سے تیاری کرکے 419 واں رینک حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی۔ محمد شبیر اصل میں جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے بچیاں والی کے رہنے والے ہیں۔ آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر صغیر احمد انصاری نے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شبیر نے 2016 میں بی ایس سی اور 2018 میں ایم ایس سی (زولوجی) مکمل کرنے کے بعد 2019 بیچ میں اے ایم یو کے آر سی اے میں داخلہ لیا اور 2021 کے امتحان میں کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل 2020 میں 31، 2019 میں 42، 2018 میں 27، 2017 میں 50 اور 2016 میں 52، 2015 میں 34 اور 2014 میں 38 مسلم امیدوار پاس ہوئے تھے۔ اگرچہ 25 کامیاب مسلم طلبہ کی محنت کا خلاصہ کرنا آسان نہیں ہے لیکن ہر ایک کی کہانی میں وہ کہانی ضرور ملے گی جو کسی بھی طالب علم کے لیے تحریک کا کام کرے گی۔

 نوٹ:مضمون نگارعصری موضوعات کے ماہر ہیں اور مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا کے چیئرمین ہیں۔