امرناتھ یاترا: تیرتھ یاتریوں کی خدمت میں مصروف ہیں مسلمان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-07-2022
امرناتھ یاترا:  تیرتھ یاتریوں کی خدمت میں مصروف ہیں مسلمان
امرناتھ یاترا: تیرتھ یاتریوں کی خدمت میں مصروف ہیں مسلمان

 


آواز دی وائس،سری نگر

جموں و کشمیر میں امرناتھ یاترا جاری ہے۔ اس دوران وادی میں مذہبی ہم آہنگی کھل کر دیکھی جارہی ہے۔ جہاں مقامی مسلمان امرناتھ یاتریوں کا کھلے دل سے استقبال کر رہے ہیں وہیں ہزاروں مسلمان مختلف ذرائع سے ان کی خدمت اور مہمان نوازی میں مصروف ہیں۔اس دوران خیر سگالی بڑھانے والی کئی کہانیاں بھی منظر عام پر آئی ہیں۔

مسلمان عارضی دکانیں قائم کرنے سے لے کر ٹٹو اور پالکی کی خدمات فراہم کرنے، یاتریوں کے لیے پناہ گاہ اور خیموں کا انتظام کرنے وغیرہ میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق، پہلگام کے نونوان اور سونمرگ کے بالتل میں روایتی بیس کیمپوں سے 35 ہزار سے زائد مقامی مسلمان مختلف انتظامات کر رہے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 20,000  یاتریوں کو براہِ راست خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ ان میں ٹٹو مالکان، پالکی چلانے والے اور دکاندار، اننت ناگ، کولگام اور کشتواڑ اضلاع کے ہوٹل والے وغیرہ سبھی شامل ہیں۔

ان مسلمانوں کو ہر سال امرناتھ یاترا کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ جہاں اس سے ان کے کاروبار کو فروغ ملتا ہے، وہیں وہ  ہندو اپنے بھائیوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے میں پیچھے نہیں رہتے۔ ۔ٹٹو مالکان میں سے ایک فردوس کا کہنا ہے کہ اس سال امرناتھ یاترا ہو رہی ہے، ہم بہت خوش ہیں۔ ہم بالتل سے شروع ہو کر ڈومیال جاتے ہیں اور آخر میں یاترین کو غار کے قریب چھوڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پالکی اور پیٹو مالکان کے علاوہ تقریباً 5,000 سے 6,000 ٹٹو والے بھی اس سرگرمی میں شامل ہیں۔امرناتھ یاترا کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک اور ٹٹو مالک محمد امین نے کہا کہ ہم یاتریوں کی اچھی طرح خدمت کرتے ہیں۔ احتیاط سے انہیں غار کی طرف لے جاتے ہیں۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ اس بار کورونا کے بعد سفر شروع ہوا ہے، اس سے ہمیں اپنی روزی روٹی کمانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

awazthevoice

پالکی پر سوار یاتری

چوںکہ یاترا مانسون کے موسم کے آغاز میں ہوتی ہے، اس لیے  یاتریوں میں برساتی اور گرم کپڑوں کی مانگ ہمیشہ رہتی ہے۔ مسلمانوں کی طرف سے راستے میں کھولی گئی عارضی دکانیں گرم کپڑوں کی وسیع رینج پیش کرتی ہیں، جن میں ہر چیز سستی قیمت پر دستیاب ہے۔ پہاڑی علاقوں میں بسنے والے مقامی لوگوں کو بھی مزید کام مل جاتا ہے۔جہاں مسلمان خیمے بناتے ہیں۔

 یہاں یاتری کچھ وقت آرام کرنا پسند کرتے ہیں۔ یہ خیمے انہیں امرناتھ یاترا دوبارہ شروع کرنے سے پہلے آرام کرنے کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔

ایک یاتری ویبھل نے کہا کہ یہاں ہر طرح کی سہولیات ہیں۔اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کس عمر کے گروپ سے تعلق رکھتے ہیں، یہاں ہر ایک کا اچھی طرح سے خیال رکھا جاتا ہے۔ فوجی حکام بھی  بہت زیادہ تعاون کر رہے ہیں۔ رہائش کا انتظام اس طرح کیا گیا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم اپنے ہی گھر میں ہوں۔

awazthevoice

یاتریوں کے لیے بنی عارضی دکان

انہوں نے کہا کہ یاترا میں پالکی کا اہم کردار ہوتا ہے۔ کیوں کہ اسی کی مدد سے شیو کا درشن کر پاتے ہیں۔ ایک اور یاتری انیل کمار نے کہا کہ سب کچھ بہت اچھا ہے۔ پالکی واقعی بہت مدد فراہم کر رہی ہیں۔ خدا کے فضل سے وہ اس سفر کے ذریعے اپنی روزی روٹی بھی کما رہے ہیں۔ تقریباً سارا سال برف سے ڈھکے امرناتھ غار میں برف کا ایک چھوٹا ستون ہے۔

ایسا کہا جاتا ہے کہ  شیو نے اس غار میں پاروتی کو اپنی لافانی ہونے کا راز بتانے کا فیصلہ کیا، جو کہ بعد میں 1850 میں بوٹا ملک نامی چرواہے نے دریافت کی۔ امرناتھ یاترا نہ صرف ہندو عقیدت مندوں میں سب سے مقدس ہے بلکہ اسے مختلف مذاہب کے درمیان پرامن بقائے باہمی کی علامت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، ہرسال مسلمان اس کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں ، کیوں کہ یہی وہ موقع ہوتا ہے جب انہیں یاتریوں کی خدمت کا موقع ملتا ہے۔