ستمبر میں یو پی آئی کے ذریعہ ہوئی گیارہ لاکھ کروڑ ادائیگی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-10-2022
ستمبر میں یو پی آئی کے ذریعہ ہوئی گیارہ لاکھ کروڑ ادائیگی
ستمبر میں یو پی آئی کے ذریعہ ہوئی گیارہ لاکھ کروڑ ادائیگی

 

 

نئی دہلی : ستمبر میں یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس(UPI) کے ذریعے 11 لاکھ کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا(NPCI) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر میں اس پلیٹ فارم کے ذریعے کل 768 کروڑ لین دین کیے گئے، جن کی مجموعی قیمت 11 لاکھ کروڑ روپے تھی۔

یہ اگست کے مقابلے میں اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔ اگست میںUPI کے ذریعے کل 657.9 کروڑ لین دین کیے گئے، جن کی قیمت 10.72 لاکھ کروڑ روپے ہے۔

وہیں رواں سال کے ماہ مئی 2022 میں پہلی بارUPI کے ذریعے ادائیگیوں کی قیمت 10 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی تھی۔ستمبر 2022 میں، یہ لین دین پہلی بار 11 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا۔UPI کو 2010 میں ایک سے ایک بینک سے بینک لین دین کے لیے فوری ادائیگی کے نظام کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ اسمارٹ فون کے ذریعےUPI کے ذریعے پیسے کا لین دین بہت آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہUPI لین دین پر اب تک کوئی چارجز نہیں لگائے گئے ہیں۔

این پی سی آئی(NPCI)کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس آسان نظام کا استعمال ماہ بہ ماہ بڑھ رہا ہے۔ جون 2022 میں  UPI کے ذریعے 10,14,384 کروڑ روپے کے لین دین کیے گئے۔

 جولائی میں یہ تعداد بڑھ کر 10,62,747 کروڑ روپے ہوگئی۔ اگست میں یہ تعداد 10.72 لاکھ کروڑ روپے تھی۔ اسپائس منی کے سی ای او سنجیو کمار نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں تہوار کی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھUPI لین دین کی تعداد اور قیمت دونوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔