گوتم اڈانی: دنیا کے دوسرے سب سے امیرترین شخص

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-09-2022
گوتم اڈانی: دنیا کے دوسرے سب سے امیرترین شخص
گوتم اڈانی: دنیا کے دوسرے سب سے امیرترین شخص

 

 

نئی دہلی: اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ اڈانی اس سنگ میل تک پہنچنے والے ایشیا کے پہلے شخص ہیں۔

 فوربس کی ریئل ٹائم ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق، اڈانی 155.3 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کے امیروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اس فہرست میں فرانس کے بزنس مین برنارڈ ارنالٹ 155.2 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ تیسرے اور ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 149.7 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔وہیں ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک 273.5 بلین ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

جمعرات کو مقامی اسٹاک مارکیٹ میں مندی ہوئی۔ لیکن اس گراوٹ کے باوجود اڈانی گروپ کی کمپنیوں میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔اڈانی گروپ کی تمام سات درج کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا۔ گروپ کی فلیگ شپ کمپنی اڈانی انٹرپرائزز کو 4.97 فیصد کا سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔ اڈانی ٹرانسمیشن 3.27 فیصد، اڈانی ٹوٹل گیس 1.14 فیصد، اڈانی گرین انرجی 2.00 فیصد، اڈانی پورٹس 2.21 فیصد، اڈانی پاور یہ 3.45 فیصد اور اڈانی ولمار 3.03 فیصد بڑھے۔

فوربس کی ریئل ٹائم بلینیئر لسٹ کے مطابق اڈانی کی کل مالیت میں جمعرات کو 5 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ جب کہ ارنالٹ کی مالیت میں 3.1 بلین ڈالر اور بیزوس کی مالیت میں 2.3 بلین ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔

دریں اثنا، بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق، ان کی مجموعی مالیت 149 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اڈانی کی مجموعی مالیت میں اس سال 72.4 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

اپریل 2020 سے اڈانی گروپ کے کچھ شیئرز میں 1000 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کی بدولت اڈانی کی مالیت میں راکٹ کی رفتار سے اضافہ ہوا ہے۔ اڈانی نے حالیہ برسوں میں اپنے کاروبار کو نمایاں طور پر بڑھایا ہے۔ اس نے اپنا کاروبار ڈائمنڈ ٹریڈنگ سے شروع کیا لیکن پھر کول بزنس سے منسلک ہو گئے۔

آج ان کا گروپ کول سے لے کر پورٹس، میڈیا، سیمنٹ، ایلومینا اور ڈیٹا سینٹر تک کے کاروبار میں ہے۔ اڈانی گروپ مارکیٹ کیپ کے لحاظ سے ملک کا دوسرا سب سے بڑا گروپ بن گیا ہے۔

یہ گروپ ملک میں نجی شعبے کا سب سے بڑا بندرگاہ اور ہوائی اڈہ آپریٹر ہے۔ اس کے ساتھ یہ سٹی گیس ڈسٹری بیوشن اور کول مائننگ میں بھی پہلے نمبر پر ہے۔ اڈانی گروپ نے گرین انرجی پر 70 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے۔