'جانئے--- کون ہے؟ ہندوستانی کرکٹ کا نیا چھکے باز 'شاہ رخ خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2021
ہندوستانی کرکٹ کا نیا چھکے باز شاہ رخ خان
ہندوستانی کرکٹ کا نیا چھکے باز شاہ رخ خان

 

 

نئی دہلی : آواز دی وائس 

شاہ رخ خان نام تو ہر کسی نے سنا ہے،سنے گا بھی کیسے نہیں ،بالی ووڈ کا  بادشاہ جو ٹھہرا۔ مگر اب ایک اور شاہ رخ خان سرخیوں میں ہے۔ ایک نیا شاہ رخ خان کا ظہور ہورہا ہے لیکن شکر ہے کہ نیا شاہ رخ خان فلمی دنیا کا نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں ابھرا ہے۔ ورنہ ایک میان میں دو تلواروں کا مسئلہ پیدا ہوسکتا تھا۔

اب جو شاہ رخ خان سرخیوں میں ہے اسے ہندوستان کے کرکٹ کے افق پر نیا ’دھونی‘ مانا جارہا ہے یعنی ایک ایسا چھکے باز جو ٹیم کو آخری بال پر چھکا لگا کر میچ جتانے کی اہلیت رکھتا ہے۔

 دراصل تمل ناڈو نے پیر کو کرناٹک کو سنسنی خیز مقابلے میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار سید مشتاق علی ٹرافی جیتی۔ تامل ناڈو کی جیت کے ہیرو نوجوان کھلاڑی شاہ رخ خان تھے۔ شاہ رخ نے فائنل میچ کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔

میچ کے بعد آئی پی ایل فرنچائز چنئی سپر کنگز نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں مہندر سنگھ دھونی ٹی وی پر شاہ رخ کو چھکا لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ چنئی کو ایک نیا ہیرو ملا۔جیسے ہی چنئی نے دھونی کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، یہ تیزی سے وائرل ہوگئی۔ مداحوں نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ چنئی سپر کنگز کو نیا دھونی مل گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس منظر کو ہندوستان کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھی ٹی وی پر دیکھا ۔

شاہ رخ خان نے پچھلے سال گھریلو کرکٹ میں اپنی موجودگی درج کرادی تھی اور اب انڈین پریمیر لیگ یعنی آئی پی ایل میں بھی اپنی دھاک جما  لی ہے۔

 بات واضح ہے کہ  شاہ رخ خان ہندوستانی کرکٹ کی دہلیز پر دستک دے رہا ہے اور وہ بھی ایک بازی گر کی شکل میں ۔ مطلب ایک اور بادشاہ کا ظہور ہورہا ہے مگر فلموں کے بجائے کرکٹ کے میدان میں ۔

ایک اوردلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شاہ رخ خان کی زندگی میں فلمی اداکارہ پرٹی زنٹاکسی نہ کسی کردار میں موجود ہیں۔ شاہ رخ خان کی کئی فلموں میں اگر پرٹی زنٹا بحیثیت ہیروئن ساتھ رہیں تو اب کرکٹر شاہ رخ خان کی زندگی میں پرٹی زنٹا ’باس’ کی شکل میں موجود رہیں جو پنجاب کنکس کی مشترکہ مالکن بھی ہیں۔

مزید پڑھیں:  دھونی نے بھی دیکھا۔۔۔۔آخری بال پر شاہ رخ خان  کا چھکا

اب کرکٹر شاہ رخ خان کی آئی پی ایل 2021 میں پہچان بن گئی ہے۔ انہیں ایک جارحانہ بیٹسمین کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ جو لمبے چھکے مارتے ہیں۔

خواب تھا فلمی پردے کا مگر 

حیرت کی بات یہ ہے کہ گھر والوں کا خواب تھا کہ وہ بھی فلمی دنیا کا شاہ رح بنے لیکن قسمت میں کچھ اور لکھا تھا۔ شاہ رخ میں فلمی جراثیم تو نہیں پیدا ہوسکے مگر کرکٹ کا بخار ضرور چڑھ گیا۔

ان کی والدہ نے اپنی بہن کے کہنے پر اس کا نام بالی ووڈ کے شہنشاہ شارخ خان کے نام پر رکھا تھا  لیکن وہ سنیما کے بجائے کرکٹ کی جانب مڑ گئے۔شاہ رخ نے کہا کہ میری والدہ کی بہن شاہ رخ خان کی بہت بڑی مداح ہیں۔ انہوں نے ہی نے میرا نام ان پر رکھا۔

shah

شاہ رخ خان اور شاہ رخ خان 


صرف شاہ رخ خان بلکہ اہل خاندان اور ان کے دوستوں کےلئے ایک بڑی خبر بنی۔ایک بڑا نام بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کی صلاحیت کے معیار کو آئی پی ایل کی نیلامی کے دوران پہچانا گیا تھا اوراس طرح ان پر لگنے والی بولی کی مالیت 5.25 کروڑ روپے تک پہنچی۔

بیٹسمین شاہ رخ پر اعتماد ہیں کہ وہ بڑے شاٹس لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چینئی میں منعقدہ نیلامی میں پنجاب کنگز نے تامل ناڈو کے اس باصلاحیت بلے باز شاہ رخ کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ شاہ رخ کی بیس پرائس 20 لاکھ روپے تھی۔ شاہ رخ کی عمر ابھی صرف 25 سال ہے- جب شاہ رخ 14 سال کے تھے تو انہوں نے چینئی سپر کنگز جونیئر ٹورنامنٹ میں بہترین آل راؤنڈر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ وہ آئی پی ایل نیلام گھر میں پہلی کامیابی کے بعد بہت خوش رہے اور امید کے مطابق آئی پی ایل کے پلیٹ فارم کا بھر پور استعمال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں ’پرٹی زنٹا‘ سے ملاقات کا خواہاں تھا۔

شاہ رخ نے پچھلے سال بھی سید مشتاق علی ٹرافی میں تمل ناڈو کے لئے اچھا مظاہرہ کیا تھا۔انہوں نے ہماچل پردیش کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں 19 گیندوں پر ناقابل شکست 40 رن بنائے۔ اس کے علاوہ فائنل میچ میں شاہ رخ نے بڑودہ کے خلاف سات گیندوں پر ناقابل شکست 18 رن بنائے تھے۔ تمل ناڈو نے اس میچ کو جیت کر سید مشتاق علی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ شاہ رخ نے اب تک تمل ناڈو کے لئے پانچ فرسٹ کلاس ، 20 ون ڈے اور 31 ڈومیسٹک ٹی 20 میچ کھیلے  ہیں ۔

اپنے کھیل کے بارے میں شاہ رخ کہتے ہیں کہ جب میں جوان تھا تو میں آف اسپن بولنگ کرتا تھا۔ لیکن پچھلے کچھ سالوں سے میں نے تیز بولنگ شروع کی ہے۔ آر وینکٹیش تمل ناڈو کے سینئر سلیکٹر اور شاہ رخ کے کیریئر کے ابتدائی کوچ رہے ہیں- ان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ 10-15 سال کی عمر سے بہت اچھے آل راؤنڈررہے ہیں ۔وہ گیند کو بڑی خوبصورتی سے ہٹ کرتے تھے۔

 

awan

شاہ رخ خان