شبنم خاتون کو اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ کا اعزاز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
شبنم خاتون کو اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ کا اعزاز
شبنم خاتون کو اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ کا اعزاز

 

 

 شیخ محمد یونس  حیدرآباد

شبنم خاتون کو اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ کا اعزاز جشن بہاراں میں عمدہ مظاہرہ پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کے ہاتھوں تہنیت شبنم خاتون کو آج دفتر وائس چانسلر میں منعقدہ ایک تہنیتی تقریب میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ قرار دیا گیا۔

حالیہ عرصہ میں منعقدہ جشن بہاراں پروگرام کے اسپورٹس مقابلوں میں شبنم خاتون کی نمایاں کارکردگی پر پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے انہیں تہنیت اور کیسہ زر پیش کیا۔

شبنم خاتون بی ٹیک سالِ سوم کی طالبہ ہیں جنہوں نے 100 اور 200 میٹر دوڑ میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ویٹ لفٹنگ میں 50 کیلوگرام کے زمرے میں 90 کیلو وزن اٹھاکر انعام اول حاصل کیا تھا۔ وہ اسکول آف ٹیکنالوجی کبڈی ٹیم کی کپتان بھی تھیں جس نے انٹر اسکول مقابلوں کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پروفیسر عین الحسن نے شبنم خاتون کے مظاہروں کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ یونیورسٹی میں لڑکوں کے علاوہ لڑکیوں کے لیے خصوصی کوچنگ فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے ڈاکٹر اے کلیم اللہ، ڈپٹی ڈائرکٹر اسپورٹس کو کھیل کود مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر تہنیت پیش کی۔ پروفیسر عبدالعظیم، پراکٹر و صدر نشین اسپورٹس کمیٹی نے بتایا کہ مانو میں ممتاز بیڈمنٹن کوچ ضیاءالرحمن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ جبکہ مشہور فٹ بال کوچ مظفر علی پہلے ہی یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ نے وائس چانسلر کو گلدستہ پیش کیا اور جشن بہاراں کے کامیاب انعقاد میں سرپرستی و تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، ڈاکٹر زائر حسین، کنٹرولر امتحانات، پروفیسر عبدالسمیع صدیقی، ڈاکٹر محمد یوسف خان، ڈاکٹر وقار النسائ، ڈاکٹر جمیل احمدشاد، ڈاکٹر بدیع الدین احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔