کامن ویلتھ پوائنٹس آف لائٹ‘: پیٹ کی آگ بجھانے والے اظہرکو برطانوی ایوارڈ’

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2021
اظہر مخصوصی
اظہر مخصوصی

 

 

شیخ محمد یونس ۔ حیدرآباد

میں کہاں رکتا ہوں عرش و فرش کی آوازسے

مجھے جانا ہے بہت اونچا حد پرواز سے

شہر حیدرآباد کے مشہور و معروف سماجی خدمت گزار سید اظہر مخصوصی نے بھوک کے خلاف اپنی منفرد مہم کے ذریعہ عالمی سطح پر نمایاں اور مثالی پہچان بنالی ہے ۔آج سے تقریباً10 برس قبل انسانیت کی خدمت ' خلوص دل اور غریبوں کی مدد کے جذبہ کے ساتھ شروع کردہ مہم آج عالم گیر سطح تک پہنچ گئی ہے۔

اظہر مخصوصی کو '' بھوک کا کوئی مذہب نہیں'' مہم کیلئے حکومت برطانیہ کی جانب سے '' کامن ویلتھ پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ'' عطا کیا گیا۔یہ ایوارڈ معاشرہ میں خوشگوار اور بہترین تبدیلی لانے کیلئے نمایاں خدمات کی انجام دہی کے اعتراف میں عطا کیا جاتا ہے۔

معاشرے میں اظہر کی شراکت ناقابل یقین

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر، ڈاکٹر اینڈریو فلیمنگ نے کہا ہے کہ معاشرے میں اظہر کی شراکت ناقابل یقین ہے۔ اس کا مطلب لاکھوں افراد کے لئے کھانے یا نہ کھانے میں فرق ہے۔ بے لوث قربانی اور خدمات کے بہت سے اسی طرح کے مشنز ہیں ، کچھ وبائی بیماری کے نتیجے میں ابھرے ہیں ، لیکن سب سے طاقتور ‘بھوک کو کوئی مذہب نہیں ہے’ ہی ہے۔ جو دس سال سے چل رہا ہے ، جو سب سے زیادہ کمزور تک پہنچا ہے اور سب کو ایک طاقتور بنیادی پیغام پہنچا ہے۔

ماں کی دعائیں ہیں 

 آواز دی وائس’ سے بات کرتے ہوئے حیدرآباد کی شان بنے اظہر مخصوصی نے کہا کہ ۔اللہ کا شکر ہے کہ میرے کام کو دنیا نے تسلیم کیا،سراہنا شروع کیا،بلاشبہ میرے لئے یہ ایک اعزاز ہے جس کا سہرا میں اپنی والدہ کو ہی دوں گا کیونکہ ایک نازک اور بحرانی حالات میں بھی انہوں نے میرے اس کام کی حوصلہ افزائی کی تھی۔اگر والدہ نے ساتھ نہ دیا ہوتا تو میرے لئے اس مشن کو شروع کرنا بہت مشکل ہوتا۔ میں اپنے اہل خاندان کا بھی احسان مند ہوں جنہوں نے اس میں میری بھر پور مدد کی۔‘‘

 اب بین الاقوامی پہچان ملی

حیدرآباد کے اس نوجوانوں کی امیتابھ بچن سے سلمان خان تک سب حوصلہ افزائی کرچکے ہیں ،اپنے پروگرامز میں مدعو کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ۔اس ایوارڈ میں اہم بات یہ ہے کہ میرے کام کو ملک سے باہر بھی پہچان ملی ،اس کو ایک حکومت تسلیم کررہی ہے،اس کے لئے شاباشی دے رہی ہے۔ایوارڈ کے طور پر ایک سرٹی فیکٹ جاری کیا جائے گا جسے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنرایک خصوصی پروگرام میں پیش کریں گے۔‘ اظہر مخصوصی نے ایوارڈ کے حصول پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ پوائنٹس آف لائٹ ویب سائٹ پر )

Hunger has no Religion

( تحریر کے آگے ہی ترنگا ان کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔یہ بہت بڑا اعزاز ہے اور یہی میرے لئے ساری دنیا ہے۔انہوں نے ایوارڈ کے حصول پر ڈپٹی ہائی کمشنر برطانیہ اینڈریوفلیمنگ کے ساتھ ساتھ تمام دوست احباب اور بہی خواہوں سے سوشیل میڈیا پر اظہار تشکر کیا۔

 ایک مثالی مشن ہے جاری

 بھوک کے خلاف اظہر مخصوصی کی مہم عالمی سطح پر شہرت رکھتی ہے اس مہم کے تحت شہر حیدرآباد میں روزآنہ 1500 افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔انہوں نے محدود وسائل کے ساتھ 10 برس قبل ایک عظیم مشن کا آغاز کیا تھا ۔دوسرے معنوں میں بھوک کے خلاف مہم کے ضمن میں تقریباً ایک دہے قبل لگایا گیا پودا آج سایہ دار درخت میں تبدیل ہوگیا ہے۔

awazurdu

حیدرآباد کی پہچان بنے اظہر مخصوصی

 اظہر مخصوصی نے سال 2011 میں پرانا شہر میں دبیر پورہ فلائی اووربریج کے قریب ایک بے سہارا اور بیمار معمر خاتون کو دیکھا ۔اظہر مخصوصی' خاتون کی قابل رحم حالت کو دیکھ کر رک گئے اور خاتون سے اس کا حال دریافت کیا تب انہیں پتہ چلا کہ خاتون نے کھانا نہیں کھایا ہے اور بھوک کی شدت کی وجہ سے اس کا برا حال ہے۔اس معمر خاتون کا نام لکشمی تھا۔یہ واقعہ نے اظہر مخصوصی کے دل پر گہرا اثر کیا اسی دن انہوں نے '' بھوک کا کوئی مذہب نہیں ہوتا'' مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور دبیر پورہ فلائی اوور بریج کے نیچے ضرورت مندوں ' غریبوں اور بے سہارا افراد کو بلا لحاظ مذہب و ملت کھانا کھلانے کے نظم کا آغاز کیا۔دیکھتے ہی دیکھتےیہ مہم ایک تحریک میں تبدیل ہوگئی ۔

میں اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر

لوگ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا

 ابتداء میں چار تا پانچ ماہ تک اظہر مخصوصی کی شریک حیات گھر سے کھانا تیار کرکے روانہ کرتی تھیں رفتہ رفتہ بڑے پیمانہ پر کھانے کی تیاری عمل میں لائی گئی اور اب الحمد للہ روزآنہ تقریباً1500 افراد کی پیٹ کی آگ بجھائی جارہی ہے۔بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی بہترین خدمت کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ گاندھی ہاسپٹل کے قریب بھی ضرورت مندوں میں کھانے کی فراہمی کا بھی نظم کیا گیا ہے۔اظہر مخصوصی کی اخلاص اور نیک نیتی پر مبنی یہ عظیم مہم اب ریاست کرناٹک کے بنگلور اور ائچور' اوڈیشہ کے کٹک اور آسام کے گول پارہ تک پہنچ گئی ہے۔غریبوں اور ضرورت مندوں کیلئے کھانے کا نظم ان کی این جی او ثانی ویلفیر فائونڈیشن کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

سچسںحردح

اظہر مخصوصی کی زندگی کا مقصد یہی ہے کہ کوئی بھوکا نہ رہے

 اظہر مخصوصی نے چند برس قبل '' دو روٹی '' مہم بھی شروع کی ۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ گھر سے نکلتے وقت اپنے ساتھ دوروٹی لیکر نکلیں اور راستہ میں بھوکے نظر آنے پر انہیں دوروٹی دیں اور بھوکوں کی پیٹ کی آگ بجھائیں۔بچوں کو بھیک مانگنے سے روکنے کیلئے بھی یہ ایک بہترین کوشش رہی۔ 

دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے 

پرنہیں ' طاقت پرواز مگر رکھتی ہے