نیٹ2022:شاہین گروپ کے دس ’حافظوں‘ نے کی حاصل کامیابی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
نیٹ2022:شاہین گروپ کے دس حافظوں نے کی حاصل کامیابی
نیٹ2022:شاہین گروپ کے دس حافظوں نے کی حاصل کامیابی

 

 

ملک اصغر ہاشمی/ نئی دہلی

حالیہ دنوں میں مدارس کے تعلق سے  یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہاں پڑھنے والے بچے یا تو زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں یا پھر دہشت گرد بن جاتے ہیں۔ ایسے میں این ای ای ٹی 2022 امتحان کے نتائج نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

اس بار ایک نہیں بلکہ مدارس سے تعلیم حاصل کرنے والے متعدد طلبہ اس باوقار مقابلے میں اچھے رینک حاصل کر کے نہ صرف ڈاکٹر بننے جا رہے ہیں، بلکہ وہ قوم کی خدمت بھی کریں گے۔ ایسی امید کی جانی چاہئے کہ بہت ممکن ہےکہ مدارس کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی اور اس تعلق سے غلط بیانات دینے والوں کو از سرنوسوچنا چاہئے۔

بتا دیں کہ  اس بار پورے ہندوستان سے تقریباً 18 لاکھ بچوں نےاین ای ای ٹی کےامتحان میں شرکت کی تھی۔ ان میں سے اکثر مدارس سے پاس آؤٹ طلباء بھی ہیں۔ ان میں سے کئی نے اس امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ ایسے طلباء میں شاہین کالج کے 10 حفاظ شامل ہیں جو ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں واقع مدارس کے فارغین ہیں۔

 امتحان میں ان کے رینک کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ایم بی بی ایس کی سرکاری سیٹیں دستیاب ہوں گی۔ دس میں سے چار طلبہ نے 600 سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں۔ تاہم سینکڑوں طلبہ میں سے ان حفاظ نے واقعتاً شاہین گروپ کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے۔ ادارے کے لوگ بتاتے ہیں کہ یہ طلبہ کبھی اسکول نہیں گئے۔ انہیں عربی اور اردو کے علاوہ کسی اور زبان یا مضامین کا علم نہیں تھا۔ 

مدرسہ سے فراغت کے بعد  شاہین گروپ کے اکیڈمک انٹینسیو کیئر یونٹ نے ان کی بہترین کارکردگی اور ممتاز میڈیکل کالجوں میں مفت سرکاری نشستیں حاصل کرنے میں مدد کی۔ انہیں شاہین گروپ کی طرف سے مفت کوچنگ دی گئی۔ جہاں سائنس اور ریاضی انہیں پڑھایا گیا۔

awazthevoice

آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ ادارہ ایک منفرد لیکن کامیاب ماڈل کے ذریعے حفاظ طلباء کو طب اور دیگر پیشوں میں مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے تیار کرتا ہے۔ این ای ای ٹی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی کالج کا بہترین نتیجہ آیا ہے۔ 450 سے زائد طلباء کو سرکاری ایم بی بی ایس کی نشستیں ملنے کی امید ہے۔ ڈاکٹر عبدالقادر شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مدرسہ میں حفظ  کی تعلیم مکمل کرنے والے 12 طلباء نے ہمارے ادارے میں بنیادی کورس پڑھا۔پی یو سی مکمل کیا اور این ای ای ٹیمیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے والوں میں بڑی تعداد میں ایسے طلباء ہیں جنہوں نے سرکاری اسکولوں، کنڑ میڈیم اور دیہی علاقوں میں تعلیم حاصل کی ہے۔

مدرسہ کے فارغ التحصیل محمد علی اقبال نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ میں نےNEET میں 680 نمبر حاصل کیے ہیں۔ علی اقبال حافظ قرآن ہیں۔ انہوں نے شاہین کالج میں بھی ٹاپ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا میڈیکل کورس کا خواب شاہین کے اکیڈمک انٹینسیو کیئر یونٹ فار ڈراپ آؤٹ کی وجہ سے پورا ہوا۔